اسلام آباد - ارنا - پاکستان کے وزیر اعظم نے ایک پیغام میں، طبس کان میں کام کرنے والے کچھ کان کنوں کی موت پر ایران کے صدر اور قوم کی تعزیت پیش کی ہے۔

پاکستان کے وزیر اعظم کے دفتر کے تعلقات عامہ کے مطابق، محمد شہباز شریف نے، جو کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کے لیے نیویارک روانہ ہو گئے ہیں، ایک پیغام میں طبس کان کے کئی کارکنوں کے جاں بحق ہونے پر تعزیت پیش کی ہے۔

انہوں نے  کہا ہے کہ  ہم ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان  کو تعزیت  پیش  کرتے ہیں اور متاثرین اور زخمیوں کے خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا: پاکستان کی حکومت اور عوام مشکل کی اس گھڑی میں ایرانی قوم اور حکومت کے ساتھ ہیں۔

اس کے علاوہ پاکستان کی پارلیمنٹ کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے بھی طبس کان میں ہونے والے دلخراش سانحہ  پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت اور قوم  کو تعزیت  پیش کی ہے۔

انہوں نے کہا: "مرنے والوں کے اہل خانہ اور ایرانی عوام  کو  تعزیت  پیش کرتے ہوئے، ہم اس دردناک سانحہ  پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہیں۔"

واضح رہے  ایران کے صوبے جنوبی خراسان کے عہدہ داروں نے بتایا ہے کہ آج اتوار کی  صبح 9 بجے تک طبس کان کے حادثے میں مرنے والوں کی تعداد 30 ہو گئی۔