ارنا کے مطابق ناصر کنعانی نے کہا ہے کہ لبنان میں پیجرس اور دیگر مواصلاتی آلات کے ذریعے صیہونی حکومت کی وسیع دہشت گردانہ کارروائیوں کے فورا بعد بیروت کے ضاحیہ جنوبی پر فضائی حملہ کھلی دہشت گردی ہے۔
ترجمان وزارت خارجہ ناصر کنعانی نے اس فضائی حملے کو تمام بین الاقوامی قوانین، لبنان کی ارضی سالمیت اور قومی اقتداراعلی کےمنافی قرار دیا ہے ۔
انھوں نے کہا ہے کہ عالمی برادری کو غاصب صیہونی حکومت کے اس دہشت گردانہ فضائی حملے کی سخت ترین مذمت کرنا چاہئے۔
ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ اس میں شک نہیں کہ غاصب صیہونی حکومت دنیا کے سبھی ملکوں اقوام اور حکومتوں کی اکثریت کے جنگ بندی کے مطالبے کو نظرانداز کرتے ہوئے جنگ کی آگ پورے خطے میں پھیلانے کی مذموم کوشش کررہی ہے۔
انھوں نے کہا ہے کہ اسرائیلی حکومت کی یہ خبیثانہ پالیسی بین الاقوامی امن وسلامتی کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔
ناصر کنعانی نے لبنان کے عوام اور حکومت کے ساتھ اسلامی جمہوریہ ایران کی مکمل یک جہتی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ لبنان کی حکومت، عوام اور استقامتی تحریک صیہونیوں کے وحشیانہ حملوں کے باوجود مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت سے دست بردار نہیں ہوگی۔
انھوں نے کہا ہے کہ امید ہے کہ بین الاقوامی امن وسلامتی کے حامی ممالک اور حکومتیں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں غزہ کے مظلوم عوام اور دیگر ملکوں منجملہ لبنان اور شام کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کی جارحیتوں کو رکوانے کے لئے ٹھوس اقدامات عمل میں لائیں گے۔