بغداد – ارنا – اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے غزہ میں صیہونی حکومت کے ہولناک جرائم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت اپنے دفاع کے دعوے کے ساتھ غزہ کے عوام کو خاک وخون میں غلطاں کررہی ہے۔

ارنا کے مطابق صدر ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے بدھ کو عراق میں مقیم ایرانیوں سے ملاقات میں کہا کہ " اگر ہمارے ملک میں کوئی چھوٹی سی بات ہوجاتی ہے تو دنیا کے سارے میڈیا بولنے لگتے ہیں اوربہت تیزی کے ساتھ انسانی حقوق کا مسئلہ اٹھاتے ہیں لیکن آج غزہ میں اتنے جرائم کا ارتکاب ہورہا ہے اور صیہونی حکومت بموں سے  اور میزائلوں سے مظلوم فلسطینی عوام، عورتوں، بچوں اور سن رسیدہ افراد سبھی کا قتل عام کررہی ہے اور دنیا کے انسانی حقوق کے دعویدار اپنی آنکھیں اور کان بند کئے ہوئے ہیں۔  

  صدر ایران عراق میں مقیم ایرانیوں سے بغداد میں ایران کلچرل ہاؤس میں خطاب کررہے تھے۔

 انھوں نے کہا کہ دنیا نہ صرف یہ کہ غزہ میں صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم کو رکوانے کے لئے کچھ نہیں کررہی ہے بلکہ  ان جرائم کے ارتکاب کو اپنے دفاع کا نام دے رہی ہے۔

ڈاکٹر پزشکیان نے کہا کہ غزہ میں صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم کے حوالے سے دنیا نے جو روش اپنائی ہے وہ شجاعت ، عدل و انصاف اور انسانیت کا بھی خون کررہی ہے۔

 انھوں نے اسلامی دنیا میں اتحاد اور یک جہتی کے فقدان کو غاصب صیہونی حکومت کے ان جرائم کے ارتکاب کی ایک وجہ قرار دیا اور کہا  کہ اگر صیہونی حکومت آج   غزہ میں پندرہ لاکھ مسلمانوں کوخاک و خون میں غلطاں کرنے کی جرائت کررہی ہے تو اس کی وجہ صرف یہ ہے کہ مسلم ممالک خاموش تماشائی  بنے ہوئے ہیں۔  

 انھوں نے اسلامی جہموریہ ایران کے خلاف امریکا کی ظالمانہ پابندیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے اتحادویک جہتی اور ہمدلی و وحدت عمل نیز دینی  تعلیمات پر عمل کرکے ان مشکلات کو عبور کرلیں گے۔