ارنا کے مطابق جنرل حسین سلامی نے بدھ کو صوبہ مغربی آذربائیجان کے جنوب میں جاسوسوں کو شکست دینے والے شہیدوں کی یاد میں منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب میں کہا کہ اپنے جوانوں کے ایمان اور مجاہدت کے سائے میں ہم آگے بڑھتے رہیں گے اورنہ کسی کے سامنے جھکیں گے، نہ سازباز کریں گے، نہ پیچھے ہٹیں گے اور نہ ہی اپنے اندر کمزوری آنے دیں گے۔
انھوں نے کہا کہ خدا کے فضل و کرم سے یہ مجاہدت ثمر بخش ہوئی ہے اور ایران اسلامی آج سربلند ہے اور اپنی سلامتی کو یقینی بنانے کے ساتھ ہی پوری قوت سے مستکبرین کے مقابلے پر ڈٹا ہوا ہے، ان سے طاقت کی زبان میں بات اور جںگ کرتا ہے۔
جنرل حسین سلامی نے عالمی سامراج کے مقابلے میں غزہ کے عوام کی استقامت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ استقامت بظاہر سخت اور غم انگیز ہے لیکن فلسطین کی بقا، جس میں آج ایک دنیا کی وسعت اور عظمت پیدا ہوگئی ہے، اسی جہاد، استقامت اور مزاحمت سے وابستہ ہے۔
انھوں نے کہا کہ وہ عنقریب ایک دل انگیز کامیابی کی شیرینی بھی چکھیں گے اور ان کے دشمن دردناک انتقام کا مزہ چکھیں گے اور اپنی شر پسندیوں کا نتیجہ دیکھیں گے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف نے کہا کہ حق ہمیشہ کامیاب رہتا ہے اور ہم آخر تک ڈٹے ہوئے ہیں اور اپنی اس استقامت پر ہمیں فخر ہے۔
جنرل حسین سلامی نے ایران اسلامی کے دشمنوں سے انتقام لینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے سبھی دشمنوں کا پیچھا کریں گے، ان کو سزا دیں گے اور ان سے انتقام لیں گے اور یہ وہ کام ہے جو گزشتہ 45 برس میں ہم نے بارہا انجام دیا ہے ۔
انھوں نے کہا کہ دشمنان اسلام کو ، جس طرح افغانستان، شام، عراق، یمن اور ایران سے نکلنا پڑا ہے، اسی ذلت ورسوائی کے ساتھ وہ بقیہ بلاد اسلامی سے بھی نکلیں گے۔
جنرل حسین سلامی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے مقدس نظام کی برکت سے آج سبھی ملکوں میں سکون اور ترقی دیکھی جارہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ ہم جو آج اپنے انقلاب کے شکوہ اور اپنی قوم کی عظمت و بزرگی نیز اپنے رہبر کی تدبیراور بصیرت اور اپنی افواج کی شجاعت اور استقامت کی اس طرح بات کرتے ہیں، تو اس کی وجہ یہ ہے کہ حجتیں چراغ ہدایت کی طرح اس سرزمین کے آسمان افتخارات پر روشن اور ضوفشاں ہیں۔