تہران - ارنا – اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے پاکستان اور برکینا فاسو میں دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کی ہے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے بورکینا فاسو کے علاقے "بارساگو" میں گزشتہ ہفتے کے روز ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی جس میں کئی سو فوجی اہلکار اور عام شہری ہلاک اور زخمی ہوئے تھے۔

ناصر کنعانی نے بورکینا فاسو کی حکومت اور قوم  کو تعزیت پیش کی خاص طور پر اس تلخ واقعے کے متاثرین کے  اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

وزارت خارجہ کے ترجمان نے اسی طرح پاکستان کے مختلف علاقوں  خاص طور پر صوبہ بلوچستان میں ہونے والے حالیہ دہشت گردانہ حملوں کی شدید مذمت کی جن کے نتیجے میں اس ملک کے متعدد  سیکوریٹی اہل کار  اور شہری  جاں بحق ہوئے۔

انہوں نے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین ،  پاکستان کی حکومت اور قوم  کو تعزیت پیش کی اور کہا: اسلامی جمہوریہ ایران تمام پہلوؤں سے دہشت گردی کو مسترد اور اس کی مذمت کرتا ہے اور اس  لعنت کے خلاف جنگ میں  ہمسایہ و برادر ملک پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔