ارنا کے مطابق اقوام متحدہ کے جنیوا ہیڈکوارٹر میں ایران کے سفیر علی بحرینی نے نسل امتیاز کے خاتمے کے کنوینشن کی نگراں کمیٹی کی ایک سو تیرھویں نشست سے خطاب میں اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف مغربی حکومتوں کی ظالمانہ پابندیوں اور خودسرانہ اقدامات کو بھی اقوام کے ساتھ امتیازی سلوک کا مصداق بتایا۔
انھوں نے نسلی امتیازکے خاتمے کے کنوینشن کی نگران کمیٹی کے اراکین سے ایران کے خلاف مغربی حکومتوں کے خودسرانہ اقدامات اور ظالمانہ پابندیوں پر بھی جو امتیازی برتاؤ کے مصداق ہیں، توجہ دینے کا مطالبہ کیا۔
اقوام متحدہ کے جنیوا ہیڈکوارٹر میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب اور سفیر علی بحرینی نے اپنے خطاب میں اسی طرح فلسطینیوں کے خلاف غاصب اور نسل پرست صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم کو بنیادی ترین انسانی حقوق کی پامالی اور نسل امتیاز کی بدترین مثال قرار دیا۔
انھوں نے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت نے غزہ میں مظلوم فلسطینیوں کے خلاف وحشیانہ اور جنگی جرائم میں نسلی امتیاز کے سبھی ریکارڈ توڑدیئے۔
یاد رہے کہ اقوام متحدہ کے جنیوا ہیڈکوارٹر میں 7 اور 8 اگست کو نسلی امتیاز کے خاتمے کے کنوینشن کی ںگراں کمیٹی کا ایک سو تیرھواں اجلاس ہوا جس میں، اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے اراکین اور مختلف وزارت خانوں، نیز عدلیہ کی انسانی حقوق کمیٹی کے نمائندوں پر مشتمل ایک اعلی سطحی وفد نے شرکت کی۔
یاد رہے کہ نسل امتیاز کے خاتمے کا کنوینشن بین الاقوامی انسانی حقوق کے اہم ترین نو کنوینشنوں میں شامل ہے اور ایران نے 1967 میں اس کنوینشن کی رکنیت حاصل کی ہے ۔