ارنا کے مطابق شہید اسماعیل ہنیہ کی شہادت پرحکومت پاکستان کے اعلان پر آج جمعے کو پاکستان میں عام سوگ منایا گیا
ارنا کے مطابق آج پاکستان بھر میں نماز جمعہ کے بعد شہید اسماعیل ہنیہ کی غائبانہ نماز جنازہ پڑھی گئ۔
اس رپورٹ کے مطابق پاکستان کے تقریبا سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں عوام نے جلوس اور ریلیاں نکالیں جن میں شہید اسماعیل ہنیہ کو خراج عقیدت پیش کیا گیا، فلسطینی عوام کے ساتھ یک جہتی کا اعلان کیا گیا اور غاصب صیہونی حکومت کے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی گئي ۔
مظاہرین نے غزہ میں فلسطینی عوام کے خلاف صیہونی فوجیوں کے جنگی اور انسانیت کے خلاف جرائم کے ساتھ ہی، تہران، دمشق اور بیروت پر غاصب صیہونی حکومت کی دہشت گردانہ جارحیت کی بھی مذمت کی۔
پاکستان میں آج ریلیوں کی کال، مجلس وحدت مسلمین، جماعت اسلامی، جمیعت علمائے اسلام، تحریک اسلامی اور تحریک لبیک نے دی تھی۔
رپورٹوں کے مطابق مظاہرین نے اسلامی جمہوریہ ایران کی ارضی سالمیت اور قومی اقتداراعلی کی کھلی خلاف ورزی اورتہران میں شہید اسماعیل ہنیہ پردہشت گردانہ حملے پر جس میں ان کی شہادت واقع ہوگئ، بین الاقوامی اداروں کی خاموشی کی بھی مذمت کی ۔
اس رپورٹ کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، پشاور، کراچی، کویٹہ، حیدرآباد سندھ، مظفرآباد اور اسکردو سمیت تقریبا سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں ہونے والے مظاہروں میں شیعہ اور سنی ، دونوں فرقوں کے مسلمانوں نے بھرپور شرکت کی اور اسرائیلی حکومت کے ساتھ ہی امریکا کے خلاف بھی نعرے بازی کی۔
مقررین نے ان ریلیوں سے خطاب میں فلسطینی قوم اور استقامتی محاذ کے ساتھ مکمل یک جہتی کا اعلان اور شہدائے استقامت کے خون کا بدلہ لئے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔
انھوں نے آزادی قدس کی راہ میں، سرداران محاذ استقامت بالخصوص شہید جنرل قاسم سلیمانی اورشہید اسماعیل ہنیہ کی مجاہدتوں اور قربانیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ان عظیم شہدا اور مظلوم فلسطینی عوام کے خون کا بدلہ ضرور لیاجائے۔
پاکستان کے سیاسی رہنماؤں نے بھی ریلیوں سے خطاب میں حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کو شہید کرنے پر مبنی صیہونی دشمن کے دہشت گردانہ حملے کو استقامتی محاذ اور اسلامی ملکوں میں ان کے حامیوں کے حوصلے کمزور کرنے کی ناکام سازش قرار دیا اور کہا کہ نہ صرف یہ کہ اس سے جذبہ مزاحمت کمزور نہیں ہوگا بلکہ محکم تر ہوگا۔
اس سے پہلے جمعرات کو بھی پاکستان کے وزیر اعظم میاں شہباز شریف کی صدارت میں اتحادی حکومت میں شامل سیاسی جماعتوں کے اراکین پارلیمان کی ایک نشست میں بھی اسماعیل ہنیہ کو شہید کرنے پر مبنی اسرائیلی حکومت کی دہشت گردانہ جارحیت کی مذمت کی گئ تھی۔