ارنا کے مطابق مسئلہ فلسطین پر سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں اقوام متحدہ میں چین کے مندوب فوکونگ نے کہا ہے کہ چین سبھی فریقوں سے اپیل کرتا ہے کہ تحمل سے کام لیں، اور ایسے ہر اقدام سے پرہیز کریں جن سے کشیدگی بڑھ جانے کا خدشہ ہو۔
اس رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں چینی مندوب نے کہا ہے کہ اس وقت سبھی فریقوں کو مشرق وسطی میں ہر بڑے المیئے کی روک تھام کرنا چاہئے۔
انھوں نے کہا کہ چین اسرائیلی حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ غزہ پر فوجی حملے اور عام شہریوں کے اجتماعی قتل عام کا سلسلہ فوری طور پر بند کردے۔
چـینی حکام اس سے پہلے بھی بارہا غزہ پر حملوں کا سسلسلہ بند کرنے کا مطالبہ کرچکے ہیں۔
یاد رہے کہ غزہ پر غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملے ساڑھے آٹھ ماہ سے زائد عرصے سے جاری ہیں۔ اس دوران غزہ میں ساڑھے سینتس ہزار سے زائد عام شہری شہید ہوچکے ہیں جن میں ستر فیصد سے زائد بچے اور خواتین ہیں۔
غاصب صیہونی حکومت نے غزہ پر اپنے وحشیانہ حملوں میں سبھی بین الاقوامی قوانین اور عالمی کنوینشنوں کو پامال کیا، بے شمار جنگی جرائم کا ارتکاب کیا اور مظلوم فلسطینی عوام کی نسل کشی کی لیکن اپنا کوئی بھی ہدف حاصل نہیں کرسکی ہے بلکہ اس کا اندرونی بحران اور عالمی سطح پر اس کی مخالفت روز بروز وسیع سے وسیع تر ہورہی ہے۔