تہران (ارنا) قائم مقام وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ خطے میں کسی بھی نئے بحران کی ذمہ داری براہ راست صیہونی حکومت اور اس کے ہمنواؤں پر عائد ہوگی۔
ارنا کے خارجہ امور کے نامہ نگار کے مطابق قائم مقام وزیر خارجہ علی باقری نے اپنے سوشل میڈیا ہینڈل پر لبنان کے خلاف اسرائیلی دھمکیوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ میں نے پچھلے 24 گھنٹے کے دوران سعودی عرب، جرمنی، قبرص اور روس کے وزرائے خارجہ، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور یورپی یونین کے خارجہ پالیسی چیف سے ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے۔
ایران کے قائم مقام وزیر خارجہ نے بتایا کہ بات چیت کے دوران انہوں نے فلسطین میں صیہونی حکومت کے جرائم روکنے کے لیے عالمی برادری کی جانب سے موثر اور فوری اقدام کی ضرورت پر زور اور خطے کی صورتحال اور کشیدگی میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا۔
علی باقری نے واضح کیا کہ ایران سمجھتا ہے کہ خطے میں کشیدگی اور تنازعات کے ممکنہ پھیلاؤ کے تباہ کن اثرات امریکہ اور صیہونیوں کے مغربی حامیوں کے غیر ذمہ دارانہ رویے کا نتیجہ ہیں۔
ایران کے قائم مقام وزیر خارجہ یہ بات زور دیکر کہی کہ آج علاقے کی اقوام اور مزاحمتی محاذ صیہونی جارحیت سے نمٹنے کے لیے پہلے سے کہیں زیادہ تیار ہے جبکہ خطے میں کسی بھی نئے بحران کی تمام تر ذمہ داری براہ راست صیہونی حکومت کے مغربی حامیوں پر عائد ہوگی۔