نیویارک – ارنا –ہیلی کاپٹر سانحے میں صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ ڈاکٹر حسین امیر عبداللّہیان اور ان کے ساتھیوں کی شہادت کے سوگ میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی ۔  

ارنا کے مطابق جمعرات کو جنرل اسمبلی کے اجلاس کے آغاز میں چیئر مین اور حاضرین نے ایک منٹ خاموشی اختیار کرکے  صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی کی شہادت پر تعزیت پیش کی۔  

 جنرل اسمبلی کے چیئرمین ڈینس فرانسس نے اجلاس کےآغاز میں کہا کہ  ہم جنرل اسمبلی کی جانب سے صدر ایران کی شہادت پر تعزیت پیش کرتے ہیں اور اسلامی جمہوریہ ایران کے مندوب سے درخواست کرتے ہیں کہ اس ادارے  کی جانب سے ایران کی حکومت، عوام اور شہید آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی کے لواحقین کو تعزیت پیش کریں۔  

اس کے بعد انھوں نے اراکین سے درخواست کی کہ شہید سید ابراہیم رئیسی کے احترام میں ایک منٹ کے لئے کھڑے ہوکر خاموشی اختیار کریں۔

 قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے سلامتی کونسل میں بھی اراکین نے ایک منٹ خاموش کھڑے ہوکر صدر ایران کی شہادت پر تعزیت پیش کی جبکہ اقوام متحدہ کا پرچم شہید صدر کے سوگ میں ایک دن کے لئے جھکا دیا گیا تھا۔  

اسی کے ساتھ دنیا کے 50 سے زائد ملکوں کے سفیروں اور مندوبین نے اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نمائندہ دفتر میں جاکر تعزیت پیش کی اور تعزیتی رجسٹر پر اپنے تاثرات لکھے۔