ارنا کے مطابق وزیر خارجہ حسین امیر عبداللّہیان نے یواین سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ساتھ ٹیلیفونی گفتگو میں غزہ میں جنگ اور فلسطینی عوام کی نسل کشی روکنے کے حوالے سے ان کی کوششوں کی قدردانی کی۔
حسین امیر عبداللّہیان نے اسی کے ساتھ اسرائیلی حکومت پر اقوام متحدہ کا دباؤ بڑھانے کا مطالبہ کیا ۔
انھوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران علاقے میں امن و استحکام کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
ایران کے وزیر خارجہ نے اسی کے ساتھ خبردار کیا کہ اگر امریکا نے جنگ بندی قبول کرنے کے لئے صیہونی وزیر اعظم نتن یاہو پر دباؤ ڈالنے کے بجائے رفح پر حملے کے حوالے سے ان کی بات تسلیم کرلی تو اس کے نتائج جنگ کے حامیوں کے لئے تباہ کن ہوں گے۔
حسین امیر عبداللّہیان نے کہا کہ صیہونی حکومت دہشت گردی اور نسل کشی پر مبنی اپنے وحشیانہ جرائم کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے، اس وقت رفح اور کرم ابوسالم کی سرحدی گزرگاہیں بند کرکے جنگ بند کرانے کی بین الاقوامی کوششوں کو ناکام بنانے اور ایک اور المیہ رقم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ اس وقت وائٹ ہاؤس کو جنگ بند کرنے کے لئے اسرائیلی حکومت پر دباؤ ڈالنے اور علاقے کے ایک اور بحران میں داخل ہونے میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے صیہونی حکومت کے خطرناک اقدامات کے نتائج کی جانب سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت اقوام متحدہ کو اسرائیلی حکومت پر دباؤ بڑھانے کی ضرورت ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی ایران کے وزیر خارجہ کے ساتھ اس ٹیلیفونی گفتگو میں خطے میں امن و سلامتی کے لئے ایران کے دانشمندانہ اقدامات اور موقف کی قدردانی کی۔
انھوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے شروع سے ہی غزہ میں جنگ بندی کی کوشش کی ہے۔
یو این سیکریٹری جنرل نے کہا کہ ہم غزہ میں جنگ بندی اور رفح پاس نیز دیگر اہم سرحدی گزرگاہیں کھولنے کے لئے اسرائیلی حکومت پر دباؤکے حوالے سے امریکا اور دیگر موثر ملکوں کے ساتھ مشاورت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
انھوں نے کہا کہ ہم مصر، قطر اور اردن کے ساتھ مستقل طور پر رابطے میں ہیں، اور سبھی سے میری اپیل ہے کہ اپنی کوششیں جنگ و خونریزی بند کرانے پرمرکوز رکھیں۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے ایران کے وزیر خارجہ سے کہا کہ آپ مطمئں رہیں جنگ بند کرانے اور غزہ کے عوام کی مشکلات دور کرنے کے لئے ہماری کوششیں جاری رہیں گی اور ہم اس سلسلے میں ایران کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔