پاکستان کے قومی ٹیلی ویژن کے مطابق چاند پر تحقیقات کا آغاز ملک کی خلائی صنعت میں ایک اہم سنگ میل سمجھا جاتا ہے۔
پاکستان کے آئی کیوب قمر نامی تحقیقاتی مشن کو آج 2 بجکر 27 منٹ پر چین کے صوبے ہینان سے ایک چینی لانچر "چانگ-آئی-6" کے ذریعے لانچ کیا گیا۔
چائنا اسپیس ٹیکنالوجی انسٹی ٹیوٹ کے اعلان کے مطابق اس سیٹلائٹ کو چین کی شنگھائی یونیورسٹی، اسپیس ٹیکنالوجی انسٹی ٹیوٹ اور پاکستان اسپیس ایجنسی کے تعاون سے ڈیزائن اور تیار کیا گیا ہے۔
پاکستان کے وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اپنے ایک پیغام میں ملک کے عوام کو خلائی مشن کی چاند پر روانگی کی مبارکباد دی اور خلائی ڈومین کے بامقصد استعمال سے چین کے تعاون پر اظہار تشکر کیا۔
انہوں نے کہا ہے کہ اس کامیابی سے سیٹلائٹ کمیونیکیشن کے شعبے میں پاکستان کی صلاحیتوں میں بہتری آئے گی اور سائنسی تحقیق، اقتصادی ترقی اور قومی سلامتی کے لیے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
پاکستان کا تحقیقاتی سیٹلائٹ پانچ دن میں چاند کے مدار میں پہنچ جائے گا اور 3 سے 6 ماہ تک چاند کے گرد چکر لگائے گا۔