تہران (ارنا) انٹرنیشنل کرمنل کورٹ کے پراسیکیوٹر نے غزہ کے اسپتالوں میں صیہونی جرائم کے گواہوں کے انٹرویو اور ان کی شہادتیں اکٹھی کرنا شروع کر دی ہیں۔

باخبر ذرائع کے مطابق، انٹرنیشنل کرمنل کورٹ کے پراسیکیوٹر نے شمالی غزہ میں الشفاء اسپتال اور جنوبی غزہ میں ناصراسپتال کے عملے سے ملاقات اور گفتگو کی اور صیہونی فوج کے جرائم بشمول مریضوں اور پناہ لینے والوں کے قتل عام کے بارے میں ان کے بیانات ریکارڈ کیے۔

نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ذرائع نے بتایا کہ ان ہسپتالوں میں پیش آنے والے واقعات کے ثبوت کو دوسری تحقیقات میں شامل کیا جائے گا جو انٹرنیشنل کرمنل کورٹ غزہ کی پٹی میں جنگی جرائم، انسانیت کے خلاف جرائم، عصمت دری اور نسل کشی پر کر رہی ہے۔

دریں اثناء انٹرنیشنل کرمنل کورٹ کے پراسیکیوٹر جنرل کے دفتر نے تحقیقات سے متعلق کوئی بھی تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے اور اس کی وجہ گواہوں کی جانوں کا تحفظ بتایا ہے۔