ارنا کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق تہران کے عوام نے شہر کے فلسطین اسکوائر پر اور تہران یونیورسٹی کے سامنے اجتماع کرکے مقبوضہ فلسطین میں صیہونی حکومت کے اہداف پر ڈرون اور میزائل حملے کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔
اس رپورٹ کے مطابق غاصب صیہونی حکومت کے خلاف میزائل اور ڈرون حملے کے آغاز کی خبر ملتے ہی تہران کے عوام کی بڑی تعداد شہر کے معروف فلسطین اسکوائر پر اور تہران یونیورسٹی کے سامنے جمع ہوگئی۔
فلسطین اسکوائرپر اور تہران یونیورسٹی کے سامنے اجتماع کرنے والوں کے ہاتھوں میں حزب اللہ اور فلسطین کے پرچم اور " نصر من اللہ وفتح قریب" کی تختیاں تھیں۔
تہران یونیورسٹی کے سامنے اور فلسطین اسکوائر پر اجتماع کرنے والوں نے «خیبر خیبر یا صهیون، جیش محمد قادمون» کے نعرے لگائے اور صیہونی حکومت کے خلاف ایران کے جوابی حملوں کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔
یاد رہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے سنیچر اور اتوار کی درمیانی رات نصف شب کے قریب ایک بیان جاری کرکے مقبوضہ فلسطین میں صیہونی حکومت کے ٹھکانوں پر دسیوں ڈرون اور میزائلوں کے حملے کی خبر دی ۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے بتایا ہے کہ مقبوضہ فلسطین میں غاصب صیہونی حکومت کے ٹھکانوں پر دسیوں ڈرون طیاروں اور میزائلوں سے حملہ کیا گیا ہے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ دمشق ميں ایرانی کونسلیٹ پر صیہونی حکومت کے حملے اورشام کے لئے اسلامی جمہوریہ ایران کے فوجی مشیروں کی شہادت اور اس کے دیگر جرائم کے جواب میں اسلامی جمہوریہ ایران کی ایرو اسپیس فورس نے مقبوضہ فلسطین میں معینہ اہداف پر دسیوں ڈرون طیاروں اور میزائلوں سے حملہ کیا ہے۔