اسلام آباد (ارنا) پاکستانی خبر رساں ذرائع کے مطابق، شمالی وزیرستان کے علاقے میں سیکورٹی فورسز پر خودکش حملے کے نتیجے میں 5 فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے ۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق، شمالی وزیرستان کے علاقے کادی سیکٹر میں واقع ایک فوجی مرکز کو خودکش حملے کا نشانہ بنایا گیا اور پھر دہشت گرد عناصر نے اس مرکز پر حملہ کردیا۔

چند منٹ قبل پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ فوجی مرکز پر دہشت گرد عناصر کا حملہ اور بیک وقت متعدد خودکش حملے 5 پاکستانی فوجیوں کی ہلاکت کا سبب بنے ہیں۔

اس بیان میں کہا گیا ہے کہ کلئیرینس آپریشن کے بعد علاقے میں 6 دہشت گرد مارے گئے جبکہ فوج کے دو اعلیٰ افسران (ایک کرنل اور ایک لیفٹیننٹ) بھی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

پاکستان میں خوراسان ڈیلی نیوز ویب سائٹ نے یہ بھی لکھا ہے کہ "حافظ گل بہادر" سے وابستہ ایک عسکریت پسند گروپ نے شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز پر خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

اسپتال ذرائع نے میڈیا کو بتایا کہ 12 زخمی فوجیوں کو طبی مرکز منتقل کیا گیا ہے، جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے، اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔