اسلام آباد )ارنا( پاکستان کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے رفح میں صیہونی حکومت کی فوجی جارحیت کوعالمی عدالت انصاف کے فیصلے کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ تل ابیب کے حملے سے جنگ بندی کی کوششوں کو شدید دھچکہ لگے گا۔

پاکستان کی وزارت خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ نے ایک بیان میں غزہ کے رفح پر اسرائیل کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

اس بیان میں کہا گیا ہے کہ  رفح پر اسرائیلی غاصب حکومت کا حملہ غزہ کے عوام کی نسل کشی کی روکنے  سے متعلق عالمی عدالت انصاف کی عبوری فیصلے کی صریح خلاف ورزی ہے۔

بیان میں کہا گيا ہے کہ رفح پر جارحیت سے وہ انسانی المیہ مذید شدت اختیار کرجائے گا جس کا ہم غزہ میں گزشتہ چار ماہ سے مشاہدہ کر رہے ہیں اور ممکنہ جنگ بندی کے لیے جاری کوششوں کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

بیان میں یہ بات زور دے کر کہی گئي ہے کہ  پاکستان چاہتا ہے کہ عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اسرائیل کی جارحیت اور انسانیت کے خلاف اس کے مسلسل جرائم  روکوانے کے لیے  فوری اقدامات کرے۔