تہران (ارنا) ایران اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن سے تعلق رکھنے والے ثریا سیٹلائٹ کو IRGC ایرو اسپیس فورس کے سیٹلائٹ کیریئر قائم 100 کے ذریعےکامیابی سے خلا میں بھیجا گیا۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (وزارت مواصلات) سے تعلق رکھنے والا ثریا سیٹلائٹ کامیاب لانچنگ کے بعد 750 کلومیٹر کے مدار میں پہنچ گیا ہے۔

اس سیٹلائٹ کو IRGC ایرو اسپیس فورس کے 3 اسٹیج پر مشتمل ورٹیکل ٹھوس ایندھن بردار سیٹلائٹ کیریئر قائم 100کے ذریعے خلا میں بھیجا گیا ہے۔

ایران نے کامیابی کے ساتھ 500 کلومیٹر سے زیادہ مدار میں سیٹلائٹ کو رکھ کر ملکی تاریخ میں ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔

قائم 100 سیٹلائٹ کیریئر نے کامیابی کے ساتھ اپنا 50 کلو گرام وزنی ریسرچ پےلوڈ 750 کلومیٹر کے مدار میں رکھا ہے۔

ایران کے مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر عیسیٰ زری پور کے مطابق یہ پہلا موقع ہے جب ایرانی سیٹلائٹ 750 کلومیٹر کے مدار میں پہنچے ہیں۔

زری پور نے سردار حاجی زادہ اور ان کے ساتھیوں اور سائنسدانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ الحمدللہ، ایرانی خلائی صنعت تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔