المیادین کی رپورٹ کے مطابق حماس نے غزہ کے خلاف صیہونی حکومت کے جرائم کے حوالے سے عالمی عدالت انصاف کے اجلاس کے انعقاد کا خیر مقدم کیا ہے۔
حماس کے پولیٹیکل بیورو کے رکن باسم نعیم نے اپنے بیان میں امید ظاہر کی ہے کہ عالمی عدالت انصاف غزہ کے خلاف جنگ کو فوری طور پر بند کرنے اور صیہونی جنگی مجرموں کو سزا دے کر انصاف کا احترام کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم جنوبی افریقہ کی درخواست کے مطابق ہیگ کورٹ کے ابتدائی سیشنز کے انعقاد کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
دوسری جانب فلسطینی اتھارٹی کی وزارت خارجہ نے بھی کہا ہے کہ عالمی عدالت انصاف کے ذریعے اسرائیل کا احتساب فلسطین کا بنیادی قانونی حق ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی برادری کی بے حسی اور تل ابیب کے احتساب کے فقدان نے اسے اجتماعی قتل کے جرائم کی ترغیب دی ہے۔ بیان میں درخواست کی گئی ہے کہ ہم برادر اور دوست ممالک سے کہتے ہیں کہ وہ انصاف کی حمایت اور ہماری قوم کے بڑے پیمانے پر قتل کو روکنے کے لیے جنوبی افریقہ اور بین الاقوامی عدالت انصاف میں ان کے اقدامات کی حمایت کریں۔
ہیگ میں عالمی عدالت انصاف کے اجلاس کے موقع پر اس عدالت کے قریب صیہونی حکومت کے خلاف مظاہرہ بھی کیا جا رہا ہے۔