تہران-ارنا- ذرائع ابلاغ کے مطابق بحیرہ احمر میں ایک مال بردار بحری جہاز پر حملہ ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق بحیرہ احمر میں ایک مال بردار بحری جہاز پر باب المندب کی سمت سے حملہ کیا گيا ہے۔

کچھ ذرائع ابلاغ نے دعوی کیا ہے کہ حملہ ایک میزائل سے کیا گيا جو یمن کی طرف سے فائر کیا گیا تھا۔

اس حملے ، بحری جہاز کے سامان اور اس کی منزل کے بارے میں تفصیلات ابھی سامنے نہيں آئی ہيں۔

صیہونی حکومت کے بحری جہازوں کے خلاف یمنی فوج کے بے مثال آپریشن کے بعد غاصب صیہونی حکومت کی بحریہ کے سابق کمانڈر نے اعتراف کیا ہے کہ صیہونی حکومت، یمنی فوج کے بحری محاصرے میں ہے۔

واضح رہے کچھ دن قبل یمنی مسلح افواج کے ترجمان یحیٰی سریع نے کہا ہے کہ غاصب اسرائیل جانے والا  ہر بحری  جہاز ہمارے نشانے پر ہوگا ۔ ہم تمام بحری جہازوں اور کمپنیوں کو خبردار کرتے ہیں کہ وہ اسرائیلی بندرگاہوں سے دور رہيں۔

اس سے قبل بھی یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا تھا کہ  ہم نے صیہونی حکومت کے بحری جہازوں کی آمد و رفت مختل کر دی ہے اور امریکہ اور غاصب صیہونی حکومت کو خبردار کرتے ہيں کہ وہ کسی بھی طرح کی حماقت اور یمن پر حملے سے بچیں۔

یمنی فوج کے ترجمان یحیی سریع نے کہا تھا: ہم نے فلسطینی قوم کی حمایت میں صیہونی دشمن کے بحری جہازوں کی آمد و رفت میں خلل ڈال دیا ہے۔ یمنی مسلح افواج غزہ پٹی کے خلاف صیہونیوں کی جارحیت کے آغاز کے بعد ، صیہونی غاصبوں کو پھر سے اپنے بھیانک حملوں کا نشانہ بنائیں گی۔