الجزیرہ کے مطابق، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹریس نے بدھ کی رات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو غزہ کی صورتحال کے بارے میں ایک خط بھیجا جسمیں اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 99 کو فعال کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
اس خط میں عالمی امن کو لاحق خطرات سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل نے خبردار کیا ہے کہ غزہ کی صورتحال بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہے اورعالمی برادری کو اس بحران کے خاتمے کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرنا چاہیے۔
گوٹریس نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ارکان سے درخواست کی ہے کہ وہ دباؤ ڈال کر انسانی بحران کو روکیں۔ انہوں نے غزہ کی پٹی میں انسانی بنیادوں پر جنگ بندی پر زور دیا ہے۔
صیہونی وزیر خارجہ ایلی کوہن نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹریس کے خط کو حماس کی حمایت قرار دیتے کہا کہ سیکرٹری جنرل گوٹریس عالمی امن کے لیے خطرہ ہیں۔
اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 99 کے تحت سیکرٹری جنرل کسی بھی ایسے معاملے پرجوان کے خیال میں بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہو ہنگامی اجلاس طلب کر کے سلامتی کونسل کی رائے لے سکتے ہیں۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ اقوام متحدہ کی تاریخ میں یہ آرٹیکل اب تک صرف 9 مرتبہ استعمال ہوا ہے۔