ایران کے مغربی صوبے، عراق کی سرحد پر واقع ہیں جہاں سے کربلا جانے والے زائروں کا گزر ہوتا ہے اس لئے پوری راہ میں اہل سنت حضرات بھی امام حسین علیہ السلام کے زائروں کے لئے موکب لگاتے ہيں جہاں زائروں کو مختلف طرح کی سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں۔
ایران کے کردستان صوبے میں خواتین سے مخصوص موکب " رقیہ خاتون" سنندج شہر میں لگایا گیا ہے جس میں سارے انتظام اہل سنت خواتین کے ہاتھوں میں ہے۔
اس موکب میں ہر روز ڈھائي ہزار کھانے اور 400 روٹیاں تیار کی جا سکتی ہيں ۔ اسی طرح مریوان میں اہل سنت کی جانب سے لگائے جانے والے موکب میں مذہبی اور نفسیاتی مشورے دیئے جاتے ہیں۔
سنندج شہر میں داخل ہوتے ہی اہل سنت کا ایک موکب ہے جہاں زائروں کو مختلف طرح کی سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں۔
ایران کے کردستان صوبے میں اسلامی تبلیغات کے ادارے کے سربراہ نے بتایا : اس سال باشماق سرحد پر 22 موکب لگائے گئے ہيں جہاں زائروں کی خدمت کی جاتی ہے اور یہ تمام موکب اہل سنت اور اہل تشیع کے باہمی تعاون سے چلائے جا رہے ہيں۔
ایران کے اہل سنت صرف موکب کے ذریعے ہی زائروں کی خدمت نہيں کرتے بلکہ کرمان شاہ اور خوزستان جیسے صوبوں میں اہل سنت حضرات اہل تشیع کے ساتھ مل کر عزاداری بھی کرتے ہيں۔
اسی طرح ایران کے مغربی آذربائیجان صوبے میں بھی اہل سنت شیعہ مسلمانوں کے شانہ بشانہ زائروں کی خدمت میں مصروف رہتے ہيں۔
قبائل نے پیران شہر میں ایک بہت بڑا موکب لگا رکھا ہے جہاں ہر روز 9 ہزار لوگوں کی گنجائش ہے جبکہ ایک ہزار لوگ وہاں ایک ساتھ سو سکتے ہيں۔
منگور اور پیرانشہر کے اہل سنت قبائیل بڑھ چڑھ کر موکب لگانے میں حصہ لیتے ہيں اور اس علاقے کے کرد مقامی غذائيں زائرین کی خدمت میں پیش کرتے ہيں۔