مسجد الاقصی کے حوالے سے اسلامی تعاون تنظیم کی ایگزیکٹو کمیٹی کا غیر معمولی اجلاس ہفتہ کی شام سعودی عرب کی میزبانی میں منعقد ہواجس کے آخر میں حاضرین نے ایک جاری کردہ بیان میں صیہونی حکومت کو بے انتہا مذہبی جنگ کے خلاف خبردار کیا۔
روسی سپوٹنک نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اس بیان میں اسلامی تعاون تنظیم کی ایگزیکٹو کمیٹی نے مسجد الاقصی پر صیہونی حکومت کی حالیہ جارحیت اور لبنان کے سرحدی علاقوں اور غزہ کی پٹی پر حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔
اس تنظیم نے مسجد الاقصی میں صیہونی حکومت کی فوج کے اقدامات کو دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو بھڑکانے، موجودہ قانونی اور تاریخی صورت حال پر حملہ اور بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا اور صیہونی حکومت کو ایسے اقدامات کے نتائج سے خبردار کیا۔
اسلامی تعاون تنظیم نے بھی صیہونی حکومت کو ان خطرناک اشتعال انگیز اقدامات کے نتائج کا ذمہ دار ٹھہرایا اور اس بات پر زور دیا کہ یہ جارحیت اور خلاف ورزیاں ایک ختم نہ ہونے والی مذہبی جنگ کا باعث بنیں گی اور یہ واقعہ بین الاقوامی سلامتی اور امن کو متاثر کرے گا۔
اس تنظیم نے عالمی برادری اور خاص طور پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے اپیل کی کہ وہ بین الاقوامی امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرے اور قابض اسرائیلی حکومت کی طرف سے کشیدگی کے روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔