اسلام آباد – ارنا – اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے، جنوبی ایشیا کے حالات،ایران امریکا بالواسطہ مذاکرات اور دو طرفہ تعاون کے جائزے  کو اپنے دورہ پاکستان کے تین اہم اہداف قرار دیا ہے

  ارنا کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے اسلام آباد میں  اپنے پاکستانی ہم منصب سے ملاقات اور مذاکرات  کے بعد  مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا ۔

 انھوں نے اس پریس کانفرنس میں کہا کہ ہمارے آج کے دورہ پاکستان کے تین بنیادی اہداف تھے اور پہلا مقصد، علاقے  کے حالات،ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جوکچھ ہوا ہے  اور جو صورتحال جاری ہے اس کا جائزہ لینا تھا۔

 وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا کہ ہندوستان اور پاکستان ، دونوں ہی اسلامی جمہوریہ ایران کے دوست ہیں لیکن پاکستان ہمارا پڑوسی اور برادر ملک ہے اور ہم چاہتے تھے کہ ہندوستان جانے سے پہلےاپنے پاکستانی دوستوں کے موقف جان لیں۔  

انھوں نے بتایا کہ پاکستانی دوستوں سے ملاقات میں  ایران امریکا بالواسطہ مذاکرات کی تازہ ترین صورتحال کی وضاحت کی۔

   ایران کے وزیرخارجہ نے کہا کہ ایک اور مقصد، ایران پاکستان دو جانبہ روابط بالخصوص باہمی سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی روابط کا جائزہ لینا تھا۔ ہم نے اس سلسلے میں بھی تبادلہ خیال کیا اور آئندہ ملاقاتوں میں بھی یہ سلسلہ جاری رکھیں گے۔