اسلام آباد – ارنا – پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ نے اپنے ایرانی ہم منصب سے ملاقات میں کہا ہے کہ تہران اور اسلام آباد ہمیشہ یک جہتی  سے ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں  اور ہم ایران امریکا (بالواسطہ) مذاکرات کی کامیابی کی آرزو کرتے ہیں۔

 ارنا کے مطابق آج اسلام آباد پہنچنے کے بعد وزیر خارجہ سید عباس عراقچی اور ان کے ہمراہ دورہ پاکستان پر جانے والے وفد کا پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور  وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے استقبال کیا۔  

  اس رپورٹ کے مطابق باکستان کے دفتر خارجہ میں، دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ کی خصوصی میٹنگ کے بعد، ڈاکٹر سید عباس عراقچی اور سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی قیادت میں دونوں ملکوں کے وفود کے مذاکرات شروع ہوئے۔

 مذاکرات کے شروع میں پاکستان کے وزیر خارجہ نے کہا کہ اس حساس موقع پر برادرم جناب عراقچی کی اسلام آباد آمد کا ہم شکریہ ادا کرتے ہیں ۔

 انھوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان دونوں ممالک، ہمیشہ ایک دوسرے کی حمایت اور یک جہتی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔

سنیٹر اسحاق ڈار نے ایران امریکا بالواسطہ مذاکرات کے تین ادوار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں آپ کے مذاکرات کے پروگرام کی پوری اطلاع ہے اور اسلام آباد قریب سے اس اہم پراسیس پر نظررکھے ہوئے ہے۔

 پاکستان کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ہماری آرزو ہے کہ  ایران امریکا بالواسطہ مذاکرات کامیاب ہوں۔