تہران – ارنا – ترجمان دفترخارجہ اسماعلی بقائی نے ایران امریکا بالواسطہ مذاکرات کا دوسرا دور بھی مسقط ميں ہی انجام پانے کی خبر دی ہے

 ارنا کے مطابق  اسلامی جمہوریہ ایران کے دفترخارجہ کے  ترجمان اسماعیل بقائی نے دوسرے دور کے بالواسطہ مذاکرات کی جگہ کے بارے میں لگائے جانے والے سبھی اندازوں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کردیا ہے کہ یہ دور بھی مسقط میں ہی انجام پائے گا۔

  انھوں نے بتایا کہ مشاورتوں کے بعد طے پایا ہے کہ ایران امریکا بالواسطہ مذاکرات کا دوسرا دور سنیچر 19 اپریل کو مسقط ميں ہی انجام دیا جائے ۔

 یاد رہے ایران امریکا بالواسطہ مذآکرات کا پہلا دور سنیچر12 اپریل کو عمان کی ثالثی میں مسقط میں انجام پایا تھا۔

 ایٹمی مسئلے اور غیر قانونی ظالمانہ پابندیوں کے خاتمے کے موضوع پر ہونے والے ان بالواسطہ مذاکرات میں اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ سید عباس عراقچی نے ایرانی وفد کی قیادت کی تھی جس میں دفتر خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی اور ایرانی وزير خارجہ کے معاون برائے سیاسی امور مجید تخت روانچی اور قانونی و بین الاقوامی امور کے معاون کاظم غریب آبادی بھی شامل تھے۔   

 ایران امریکا بالواسطہ مذاکرات کے پہلے  دور میں عمان کے وزیر خارجہ نے ایران اور امریکا کے وفود کو ایک دوسرے کے نظریات اور تجاویز منتقل کی تھیں۔