ارنا کے مطابق وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی آئی اے ای اے کے ڈایریکٹر جنرل، رافائل گروسی کے ساتھ ٹیلیفونی گفتگو میں ایران کے پر امن ایٹمی پروگرام کے حوالے سے تازہ صورتحال اور سفارتی مشاورتوں سے انہیں آگاہ کیا۔
سید عباس عراقچی نے آئی اے ای اے کے ساتھ تعاون پر مبنی ایران کی پالیسی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی کو ایران کی پر امن ایٹمی تنصیبات کے خلاف دھمکیوں کے حوالے سے شفاف موقف اختیار کرنا چاہئے۔
انھوں نے کہا کہ ان دھمکیوں کے جاری رہنے کے پیش نظر ایران اپنے پر امن ایٹمی پروگرام کی حفاظت کے لئے ہر ضروری تدبیر سے کام لے گا۔
اس ٹیلیفونی گفتگو میں آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ وہ موجودہ مسائل کے حل کے لئے فضا کو ہموار کرنے کی غرض سے سبھی فریقوں سے گفتگو کریں گے۔
رافائل گروسی نے اسی سلسلے ميں اپنے دورہ ایران کی درخواست کی جس کو وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے منظوری دے دی۔ اس سلسلے ميں ضروری تفصیلات ایران اور آئی اے ای اے بعد میں طے کریں گے۔