ارنا کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر پائلٹ عزیز نصیر زادہ نے اپنے بیلاروسی ہم منصب جنرل وکٹر خرنین سے ملاقات ميں جو دونوں ملکوں کے باہمی فوجی اور دفاعی تعاون میں توسیع کے لئے انجام پائی، علاقے میں امن واستحکام کی تقویت اور دفاعی ڈپلومیسی میں توسیع کی ضرورت پر زور دیا۔
اس ملاقات میں ایران اور بیلاروس، دونوں ملکوں کے وزرائے دفاع نے مشترکہ سیکورٹی مسائل اور باہمی روابط کی توسیع اور تقویت کی راہوں پر تبادلہ خیال کیا۔
ایران کے وزیر دفاع نے اس ملاقات میں دفاعی تعاون کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ ایران اور بیلاروس دونوں ممالک بین الاقوامی تنظیموں بالخصوص شنگھائی تعاون تنظیم میں اپنی رکنیت سے استفادہ کرتے ہوئے، مشترکہ خطرات کے خلاف مل کر جدوجہد کرسکتے ہیں۔
انھوں نے ایران اور بیلاروس کے درمیان دفاعی تعاون کے سمجھوتے پر دستخط کو تہران اور منسک کے سیکورٹی اور دفاعی روابط کی تقویت میں موثر قدم سے تعبیر کیا۔