غزہ میں فلسطین کی وزارت صحت نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران، 36 فلسطینیوں کے جنازے غزہ پٹی کے ہسپتالوں میں منتقل ہوئے ہیں جن میں سے 32 کے جنازے ملبے کے نیچے دبے ہوئے تھے۔
اس کے علاوہ صیہونیوں نے گزشتہ ایک روز میں 24 فلسطینیوں کو زخمی کیا ہے۔
اس طرح 7 اکتوبر سن 2023 سے اب تک غزہ کے شہیدوں کی تعداد بڑھ 48 ہزار 503 تک پہنچ گئی جبکہ زخمی اور معذور ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 1 لاکھ 11 ہزار 927 ہوگئی ہے۔
ادھر حماس تحریک نے اعلان کیا ہے کہ صیہونی حکومت فیلاڈیلفیا محور سے انخلا کی وعدہ خلافی کر رہی ہے۔ حماس نے خبردار کیا ہے کہ تل ابیب کو امن کے عمل میں ہر طرح کی رکاوٹ کی قیمت صیہونی قیدیوں کی جان سے ادا کرنا ہوگی۔
حماس تحریک کے بیان میں آیا ہے کہ طے شدہ معاہدے کے 42ویں دن صیہونی فوج کو فیلاڈیلفیا محور سے نکل جانا چاہیے تھا تاہم، تل ابیب اس معاہدے کی کھل کر خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنے فوجیوں کو اس علاقے میں باقی رکھے ہوئے ہے۔
حماس کے بیان میں ثالثوں اور عالمی برادری سے صیہونیوں کے فیلاڈیلفیا محور سے انخلا اور دوسرے مرحلے کے مذاکرات پر تل ابیب کو مجبور کرنے کی ضمانت فراہم کرنے کو کہا گیا ہے۔