تہران – ارنا – غاصب صیہونی حکومت نے غرب اردن کے شہر طولکرم کے نورشمس کیمپ کی 211 رہائشی عمارتیں نذرآتش اور منہدم کرکے 13 ہزار فلسطینیوں  کو بے گھر کردیا

ارنا نے فلسطین کی شہاب نیوز ایجنسی کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ نورشمس کیمپ کی کمیٹی کے سربراہ نے بتایا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں نے اس کیمپ پر اپنے حملوں ميں 211 رہائشی عمارتیں نذرآتش اور منہدم کردیں۔

 انھوں نے بتایا کہ غاصب صیہونی فوجیوں نے نورشمس کیمپ کے 13 ہزار فلسطینیوں کو بے گھر کردیا ہے۔

 نورشمس کیمپ کی سروس کمیٹی کے سربراہ نے بتایا ہے کہ اس کیمپ کے ساکنین، اپنے قرابت داروں کے پاس یا دیگر کیمپوں اور پناہ گاہوں میں بہت دشوار حالات میں زندگی گزار رہے ہیں۔

 انھوں نے کہا کہ غاصب صیہونی فوجی اس کیمپ کے  فلسطینی مہاجرین کا صفایا کردینا چاہتے ہیں۔  

 اس دوران فلسطینی ابلاغیاتی ذرائع نے رپورٹ دی ہے کہ نورشمس کیمپ پر حملے شروع ہونے کے بعد سے ہی  صیہونی حکومت کے بلڈوزر لوگوں کے گھر منہدم کررہے ہیں جس کے نتیجے میں بہت سے فلسطینی بے گھر ہوچکے ہیں۔