تہران – اسلامی جمہوریہ ایران کے پیٹرولیئم کے وزیر نے میدان میں عوام کی موجود گی کو اسلامی جمہوری نظام کی طاقت کا راز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر ایران کی تیل کی برآمدات صفر تک پہنچانے کی بات کررہے ہیں لیکن ان کی یہ آرزو کبھی پوری نہیں ہوگی

  اسلامی جمہوریہ ایران کے  پیٹرولیئم کے وزیر نے پیر کو تہران میں  یوم آزادی کے جلوس میں ارنا کے نامہ نگار سے گفتگو میں کہا کہ ایران کا پرشکوہ اسلامی انقلاب حضرت امام خمینی رحمت  اللہ علیہ کی قیادت میں شروع ہوا اور رہبر معظم انقلاب آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی رہبری  میں  اپنے راستے پرگامزن ہے۔

 انھوں نے کہا کہ اسلامی جمہوری نظام کی طاقت کا راز، میدان میں عوام کی یہی موجودگی ہے اور ہمارے عوام بھی اس سے اچھی طرح واقف ہیں۔  

ایران کے پیٹرولیئم کے وزیر محسن پاک نژاد نے کہا کہ یہ جاننے کے لئے کہ  ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ ہمیں جو سبز باغ دکھارہی ہے، وہ کس حد تک ناقابل اعتماد ہے، یہی کافی ہے کہ دنیا کا  جرائم پیشہ ترین فرد نتن یاہو امریکی صدر ٹرمپ کا پہلا مہمان ہے۔

 انھوں نے کہا کہ اس سے پتہ چلتا ہے کہ جرائم کے ارتکاب سے انہیں کوئی  مشکل نہیں ہے۔

محسن پاک نژاد نے کہا کہ وہ انسانی حقوق کا نعرہ لگآتے ہیں لیکن  اس حوالے سے جھوٹ بولتے ہیں،ڈیڑھ سال ہوگئے کہ انھوں نے غزہ کے مظلوم عوام کو خاک وخوان میں غلطان کررکھا ہے، ہزاروں مردوں، عورتوں،  بچوں ، نوجوانوں اور سن رسیدہ افراد کا قتل عام کردیا ہے اسپتالوں کو مسمار کردیا ہے، اور پھر ایک ساتھ بیٹھ کر باتیں کرتے ہیں۔    

 انھوں نے صیہونی حکام کی ہرزہ سرائی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ان کی دھمکیوں کو سنجیدگی سے نہیں لینا چاہئے، جتنا وہ بولتے ہیں،  اسرائیلی حکومت اس سے بہت چھوٹی ہے۔   

 ایران کے پیٹرولیئم کے وزیر نے کہا کہ امریکی صدر ایران کی تیل کی برآمدات صفر تک پہنچا دینے کی بات کررہے ہیں لیکن ان کی یہ آرزو ہرگز پوری نہیں ہوگی۔

انھوں نے کہا کہ ہمارے عوام نے یوم آزادی کے جلوسوں ميں  اپنی اس پر شکوہ شرکت سے ثابت کردیا ہے کہ وہ بدستور اسلامی انقلاب اور نظام اسلامی کے ساتھ کھڑے ہیں۔  

 ایران کے  پیٹرولیئم کے وزیر نے کہا کہ گزشتہ چھیالیس برسوں کے دوران، ہمارے استقلال اور خودکفالت میں  ہر سال اضافہ ہوا ہے۔