تہران - ارنا - فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے عراق کی میزبانی میں ہونے والے عرب وزرائے صحت کے 61 ویں اجلاس کے نام اپنے ایک بیان میں غزہ کے نظام صحت کو بچانے کے لیے فوری فیصلے اور عملی اقدامات کی اپیل کی ہے۔

اس بیان میں حماس نے صیہونی حکومت کے خلاف مختلف طریقوں سے دباؤ ڈالنے پر زور دیا ہے تاکہ غزہ میں تمام ضروری وسائل کے ساتھ فیلڈ اسپتالوں کی ترسیل اور قیام کو یقینی بنایا جاسکے۔

حماس نے عرب وزرائے صحت کے اجلاس پر زور دیا ہے کہ وہ اس سلسلے میں اپنی پوری توانائیاں بروئے کار لائیں، خاص طور پر زخمیوں اور جان لیوا امراض میں مبتلا مریضوں کو علاج کی غرض سے بیرون ملک بھجوانے کا راستہ ہموار کریں۔

حماس نے عالمی ادارہ صحت اور دنیا بھر کی صحت اور انسانی  حقوق کے لیے کام کرنے والے تنظیموں کے ساتھ تعاون اور ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی انسانی ذمہ داریاں پورے کی کرنے کے لیے آگے آئيں کیونکہ غزہ میں نظام صحت کو بچانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔

بیان میں کہا گيا ہے کہ اسپتالوں اور صحت کے مراکز پر حملوں، خوراک، ادویات اور ایندھن  کی عدم دستیابی نے خاص طور پر زخمیوں اور بیماروں کی اموات کے خطرے میں اضافہ کردیا ہے۔