تہران – ارنا – اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے دہشت گری کے  خلاف مہم اورعلاقے میں امن واستحکام کے تحفظ ميں شام کی حکومت، عوام اور فوج کی بھر پور حمایت جاری رکھنے  پر زور دیا ہے

ارنا کے مطابق وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے جو ایک سفارتی وفد لے کر دمشق گئے ہیں، اتوار کی رات  شام کے صدرصدر بشار اسد سے ملاقات کی۔

ایران کے وزیر خارجہ نے اس ملاقات میں صدر بشار اسد کو رہبر انقلاب اسلامی اور صدرمملکت کا سلام پہنچایا اور دہشت گردی کے خلاف مہم  نیز علاقے ميں سلامتی و استحکام کے تحفظ میں شام کی حکومت، عوام اور فوج کی بھرپور حمایت جاری رکھنے کے اسلامی جمہوریہ ایران کے اصولی موقف پر زور دیا۔  

   انھوں نے شام میں دہشت گردانہ اقدامات کو علاقے میں جنگ افروزی اور بدامنی  پھیلانے میں امریکا اور صیہونی حکومت کے ساتھ دہشت گردوں کی یک جہتی اور استقامتی محاذ سے صیہونیوں کی شکست کی تلافی کی کوشش قرار دیا۔

ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ ماضی ک طرح اس بار بھی شام دہشت گردوں کی سرکوبی میں کامیاب رہے گا۔

انھوں نے دہشت گرد گروہوں اور غاصب صیہونی حکومت کی جارحیتوں کے مقابلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے شام کی حکومت ، عوام اور استقامتی محاذ کی ہمہ گیرحمایت پر زور دیا اور اس کو علاقے نیز سبھی علاقائی ملکوں کی پائیدار سلامتی اور استحکام کے تحفظ پر مبنی اسلامی جمہوریہ ایران کی اسٹریٹیجک پالیسی قرار دیا۔        

 شام کے صدر بشار اسد نے ایران کے وزیر خارجہ سے اس ملاقات میں رہبر انقلاب اسلامی اورصدر مملکت کی خدمت میں سلام پہنچانے کی درخواست کرتے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران کے عوام اور حکومت کی حمایت کا شکریہ ادا کیا اور علاقے کے ملکوں کی سلامتی اور استحکام کے تحفظ کے حوالے سے اسلامی جمہوریہ ایران کے ذمہ دارانہ موقف کی قدردانی کی۔

انھوں نے کہا کہ اس خطے میں دہشت گردی سے صرف اسلامی ملکوں کے دشمنوں اور ان میں سر فہرست غاصب صیہونی حکومت کو فائدہ پہنچ رہا ہے بنابریں دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کے لئے سبھی علاقائی ملکوں کی ہمہ گیر کوششوں کی ضرورت ہے۔

بشار اسد نے اسی کے ساتھ ان نازک حالات میں ایران کے وزیر خارجہ کے دورہ شام کو بہت اہم اور صیہونی حکومت کے مقابلے میں محاذی ملکوں کی اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے بھرپور حمایت کا مظہر قرار دیا۔   

لیبلز