تہران – ارنا – امیر کویت نے خلیج فارس تعاون کونسل کے 54 ویں اجلاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کونسل کے رکن ملکوں کے بارے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مثبت اور تعمیری اقدامات کی کی قدردانی کی ہے

ارنا کے مطابق امیر کویت  مشعل الاحمد الجابر الصباح نے خلیج فارس تعاون کونسل کے 54 ویں اجلاس  افتتاحیہ تقریب سے خطاب میں علاقے کے حالات منجملہ غاصب صیہونی حکومت  کی جارحیتوں  پر روشنی ڈالی۔

انھوں نے کہا کہ خلیج فارس  تعاون کونسل کے حوالے سے اسلامی جمہوریہ ایران کے مثبت اور تعمیری اقدامات قابل تعریف ہیں۔

امیر کویت نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے یہ مثبت اور تعمیری اقدامات، کونسل کے رکن ملکوں اور ایران کے  اختلافات کے حل میں موثر واقع ہوں اور اقوام متحدہ کے منشور، بین الاقوامی معاہدوں اور اچھی ہمسائگی، ملکوں کے باہمی احترام اور ایک دوسرے کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کے اصولوں کے مطابق ایران اور خلیج فارس تعاون کونسل کے درمیان تعاون میں توسیع آئے۔

امیر کویت نے اسی کے ساتھ لبنان، شام اور ایران کے خلاف صیہونی حکومت کی جارحیتوں کی مذمت کی اور غزہ میں فوری جنگ بندی نیز انسان دوستانہ امداد کی  سپلائی میں سرعت کی ضرورت پر زور دیا۔