تہران – ارنا – حزب اللہ لبنان نے آج بھی غاصب صیہونی حکومت کے اہم مراکز اورغیر قانونی صیہونی کالونیوں پر میزائل حملوں کی خبر دی ہے

ارنا کے مطابق حزب اللہ نے  ایک بیان جاری کرکے بتایا ہے کہ اس نے غزہ کے مظلوم عوام کی حمایت، فلسطین کے استقامتی محاذ کی پشت پناہی اور لبنان نیز لبنانی عوام کے دفاع میں غاصب صیہونی حکومت کے اہم مراکز پر وسیع میزائلی حملے  کئے ہیں۔

 اس رپورٹ کے مطابق حزب اللہ نے آج  اتوار کو صبح ساڑھے سات بجے، صیہونی حکومت کے المطلہ فوجی اڈے پرمیزائل سے حملہ کیا۔

 حزب اللہ کے مطابق اس  حملے میں المطلہ فوجی اڈے میں فوجیوں کے جمع ہونے کے مرکز کو نشانہ بنایا گیا۔

حزب اللہ نے اسی طرح اتوار کو صبح آٹھ بجکر پینتالیس منٹ پر شہر الخیام کے مشرق میں صیہونی فوجیوں کے  جمع ہونے کے ایک مرکز کو میزائل سے نشانہ بنایا۔

حزب اللہ کے مجاہدین نے اس کے بعد نو بجکر دس منٹ پر معالوت ترشیحا صیہونی کالونی پر میزائلی حملہ کیا۔

حزب اللہ نے اسی دوران حتسور ہاگلیلیت صیہونی کالونی پر بھی میزائلی حملہ کیا ہے۔

صیہونی میڈیا ذرائع نے بھی لبنان سے متعدد میزائل فائر کئے جانے کے بعد الخضیرہ، نتانیا، ہرتسلیا، اور تل ابیب کے  شارون نامی علاقے میں خطرے کے سائرن بجنے کی خبر دی ہے۔