قم – ارنا – مرجع تقلید آیت اللہ نوری ہمدانی نے پارا چنار کے مظلوم عوام پر دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے اس حملے میں ملوث عوامل کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے

ارنا کے مطابق آیت اللہ نوری ہمدانی نے پاکستان میں دہشت گردی  کے اس واقعے کے حوالے سے ایک پیغام جاری کرکے کہا ہے کہ حکومت پاکستان اتحاد مسلمین  اور امن و امان درہم برہم کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی اور پارا چنار کے مظلوم عوام پر وحشیانہ دہشت گردانہ حملے کی تکرار کی  روک تھام کرے ۔

 انھوں نے اپنے پیغام میں دہشت گردی کے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ افسوس کی بات ہے کہ پارا چنار کے مظلوم عوام پر پہلی بار دہشت گردانہ حملہ نہیں کیا گیا ہے بلکہ اس سے پہلے بھی اس طرح کے حملے ہوچکے ہیں۔

 آیت اللہ نوری ہمدانی نے کہا کہ ضروری ہے کہ حکومت پاکستان امن و امان اور اتحاد مسلمین درہم برہم کرنے والوں سے سختی سے نمٹے  اور حالیہ المناک واقعے کی تکرار کی روک تھام کرے۔

   دینی تعلیم کے عالمی مرکز حوزہ علمیہ قم کے ممتاز مدرس اور مرجع تقلید آیت اللہ  نوری ہمدانی نے اپنے پیغام کے آخر میں کہا ہے کہ میں اس دہشت گردی کی مذمت  اور اس علاقے کے شیعہ مسلمانوں کی روز افزوں کامیابی کی آرزو کرتا ہوں۔   

یاد رہے کہ گزشتہ جمعرات کی شام  پارا چنار کے شیعہ مسلانوں کی بسوں پر دہشت گردوں کے حملے میں کم سے کم 42 افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے جن میں عورتیں اور بچے بھی شامل تھے۔  

 اس المناک واقعے پر پاکستان کے شیعہ مسلمانوں نے تین دن کے عام سوگ کا اعلان کا ہے۔

صدر ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے بھی ایک پیغام جاری کرکے اس  دہشت گردانہ حملے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین، پاکستان کے عوام اور حکومت کو تعزیت پیش کی تھی۔