اسلام آباد/ ارنا- کراچی میں منعقدہ ہتھیاروں کی بین الاقوامی نمائش کے موقع پر پاکستان کی فوج کے سربراہ نے بھی ایران کے اسٹال اور دفاعی طاقت کے نمونوں کا معائنہ کیا۔

پاکستان کی فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے اس دوران ایران کے فوجی وفد کے سربراہ جنرل مجتبی رمضان زادہ، ایران کے قونصل جنرل حسن نوریان اور ایران کے ملٹری اتاشی کرنل محمد محسن شہابی سے بھی ملاقات اور گفتگو کی جنہوں نے اس نمائش میں پیش کردہ ایران کے بنائے گئے جدیدترین ہتھیاروں، دفاعی ساز و سامان اور صلاحیتوں کی تفصیلات پیش کیں۔

اس سے قبل پاکستان کی بحریہ کے کمانڈر ایڈمیرل نوید اشرف نے بھی ایک وفد کے ہمراہ ایرانی اسٹال کا معائنہ کیا تھا۔

پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بھی منگل کے روز ایران کی وزارت دفاع کے اسٹال کا معائنہ کیا تھا اور ایران کے فوجی وفد، سفیر اور کراچی میں تعینات قونصل جنرل سے ملاقات اور گفتگو کی تھی۔

واضح رہے کہ پاکستان کی ہتھیاروں کی بین الاقوامی نمائش جمعے کے روز اپنے اختتام کو پہنچے گی۔ اس نمائش کا سلوگن "ہتھیار امن کے لیے، عالمی تعاون، اسٹریٹیجک شراکت داری" ہے۔ پاکستان کے دفاعی برآمدات کے فروغ کے ادارے (DEPO) نے اس نمائش کا اہتمام کیا ہے۔