اسلام آباد – ارنا – پاکستان کے دفاعی عہدیداروں سے اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر دفاع کی ملاقاتوں میں دفاعی شعبے میں تعاون کی تقویت پر زور دیا گیا ہے

ارنا نے جمعے کو رپورٹ دی ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر دفاع بریگیڈیئر سید حجت اللہ قریشی نے اسلام آباد میں پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور نائب وزیر دفاع  جنرل محمد علی  سے الگ الگ ملاقات اور گفتگو کی ۔

  پاکستان کی وزارت دفاع نے ایک بیان جاری کرکے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے ایران کے نائب وزیر دفاع کی ملاقات کے بارے میں کہا کہ دونوں عہدیداروں نے تعاون کی موجودہ سطح کو اطمینان بخش بتایا لیکن اسی کے ساتھ دفاعی تعاون میں توسیع پر اتفاق کیا ہے۔  

   اس رپورٹ کے مطابق پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے ایران کے نائب وزیر دفاع سے ملاقات میں کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام  رہبر انقلاب اسلامی کی جانب سے دنیا کی مظلوم اقوام کی مستقل حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔  

 اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر دفاع بریگیڈیئڑ قریشی نے شہر راولپنڈی میں پاکستان کے نائب وزیر دفاع جنرل محمد علی سے بھی ملاقات کی ۔  

 اس ملاقات میں دونوں عہدیداروں نے باہمی دلچسپی کے موضوعات پر گفتگو کی۔

ایران اور پاکستان کے نائب وزرائے دفاع نے دفاعی شعبے، سرحدوں کے کنٹرول اور دہشت گردی کے خلاف مہم میں دونوں ملکوں کے تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔  

 پاکستان کی وزارت دفاع نے بتایا ہے کہ پاکستانی عہدیداروں کے ساتھ ایران کے نائب وزیر دفاع کے مذاکرات تعمیری فضا میں انجام پائے اور ان مذاکرات میں دفاع شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ۔     

 اس رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر دفاع نے پاکستانی فضائیہ کے کمانڈر اور نیوی کے ڈپٹی کمانڈر سے بھی ملاقاتیں کی ہیں۔