ارنا کے مطابق پولیس چیف جنرل احمد رضا رادان نے جمعرات کو اپنے سیستان وبلوچستان کے ایک روزہ دورے کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے اپنے اس دورے میں تفتان کے علاقے گوہر کوہ میں اپنے دس فرزندان وطن کی شہادت کے واقعے کا جائزہ لیا اور صوبہ سیستان وبلوچستان کے قبائلی عمائدین سے ملاقات کی۔
انھوں نے کہا کہ خوش قسمتی سے ، سپاہ پاسداران، محکمہ انٹیلیجنس اور پولیس کے مشترکہ اقدامات کے نتیجے میں اس دہشت گردانہ واقعے میں ملوث دہشت گرد ٹیم کو تقریبا ختم کردیا گیا ہے ۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے پولیس چیف نے کہا کہ جنوب مشرقی ایران میں دہشت گردوں کے خلاف سرچ آپریشن بدستوری جاری ہے۔
انھوں نے کہا کہ آئندہ دنوں میں علاقے کے لوگوں کے لئے اچھی خبر سامنے آئے گی اور ہمیں امید ہے کہ ہم بہت تیز رفتاری کے ساتھ سبھی مسلح شر پسندوں کا خاتمہ کرنے میں کامیاب رہیں گے۔
جنرل احمد رضا رادان نے اپنے اس دورے میں مقامی حکام اور قبائلی عمائدین سے اپنی ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس علاقے میں شیعہ اور سنی اتحاد نے دشمن کو نا امید اور اس کے منحوس منصوبوں کو نقش برآب کردیا ہے۔