ارنا کے مطابق خالد قدومی نے یہ بات تہران کے فلسطین اسکوائر پر واقع مسجد امام صادق (ع) میں حماس کے شہید رہنما یحییٰ سنوار کی یاد میں منعقد مجلس ترحیم سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں اعلی سول اور فوجی حکام کے علاوہ عوام کی بھی ایک بڑی تعداد شریک تھی۔
تہران میں مقیم حماس کے نمائندے کا کہنا تھا کہ ہمارے عظیم رہنماؤں نے اپنا خون قبلہ اول کی حفاظت اور بیت المقدس کی آزادی کے راستے میں بہایا ہے۔
انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ہم ان شہیدوں کے راستے پر قائم رہیں گے اور ان کی یاد ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہے گي۔
خالد قدومی نے کہا کہ شہید یحییٰ سنوار نے اپنی شہادت کے ذریعے واقعہ کربلا اور امام الشہدا کی فکر کو ہمارے ذہنوں میں پھر سے زندہ کردیا ہے جنہوں نے فرمایا کہ " تلوار پر خون کی فتح یقینی ہے"
تہران میں مقیم حماس کے نمائندے نے مزید کہا کہ شہید یحییٰ سنوار مجاہدین کے ساتھ ساتھ جنگ میں شریک رہے، وہ سرنگوں تھے اور نہ ہی انہوں نے اسرائیلی قیدیوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا۔
خالد قدومی نے کہا کہ یحییٰ السنوار کی شہادت نے صیہونی حکومت کے فاشسٹ حکمرانوں کے جھوٹے پروپیکنڈے کی قلعی کھول کر رکھ دی اور اپنی شہادت سے دنیا والوں پر واضح کردیا کہ صیہونی حکومت تمام انسانی، اخلاقی اور مذہبی قدروں کو بے شرمی کے ساتھ پامال کر رہی ہے۔
حماس کے نمائندے نے کہا کہ شہید یحییٰ سنوار نے وہی کیا جسے وہ صحیح سمجھتے تھے۔
انہوں نے اسلامی ممالک کے علماء سے اپیل کہ وہ فتویٰ جاری کرنے کے ساتھ ساتھ مسلم امہ کو جرائم پیشہ اسرائیلی حکومت کے خلاف متحرک کریں۔
تہران میں حماس کے نمائندے نے یحییٰ سنوار کے تیار کردہ طوفان الاقصیٰ آپریشن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس آپریشن نےصیہونی حکومت کے پورے وجود کو خطرے میں ڈال دیا اور امریکہ کو اس بات کا احساس ہو گیا۔
حماس کے کمانڈروں کی شہادت کے بعد مزاحمت کے جاری رکھنے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ شہید یحییٰ سنوار کے ساتھیوں نے خون کے آخری قطرے تک جدوجہد جاری رکھنے کا عہد کر رکھا۔
تہران میں حماس کے نمائندے بتایا کہ طوفان الاقصیٰ آپریشن کا سیاسی پیغام یہ تھا کہ ہم اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کی آڑ میں فلسطین اور ملت اسلامیہ کی عزت کا سودا کرنے اور بیت المقدس کو گنوانے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔
تہران میں مقیم حماس کے نمائندے نے مزاحمتی محاذ کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ حزب اللہ کے جوان متحد ہو کر دشمن کو ایسا سبق سکھا رہے ہیں جسے وہ فراموش نہیں کرے گا اور جیسا کہ رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا ہے کہ انشاء اللہ فتح قریب ہے اور ہم بیت المقدس میں نماز ادا گے۔