صیہونی ذرائع نے بتایا ہے کہ "ایرو" ایئرڈیفنس سسٹم کے متحرک ہونے کے باوجود،
حیفا، کاتسارین اور عیمک حولا میں شدید دھماکوں کی آوازیں سنائی دی گئی ہیں۔ زرعیت، شتولا، شومیراہ اور مغربی الجلیل، مشرقی نہاریا اور افن مناخیم میں بھی مسلسل سائرن بج رہا ہے۔
اس کے علاوہ حزب اللہ نے مقبوضہ جولان پر بھی بھاری گولہ باری کی ہے اور ڈرون حملوں کے خوف سے ہنگامی حالات کا اعلان کردیا گیا ہے۔
حزب اللہ لبنان نے "روش بینا" صیہونی کالونی اور صفد مقبوضہ شہر پر راکٹ حملوں کی ویڈیو فوٹیج جاری کردی ہے۔
بن گوریون ایئرپورٹ پر بھی سیکورٹی مسائل کی وجہ سے پروازیں معطل کردی گئی تھیں اور تل ابیب جانے والی پروازوں کو کافی دیر تک روک دیا گیا تھا۔
رپورٹوں کے مطابق، حزب اللہ نے تل ابیب کے بین الاقوامی ایئرپورٹ کو 5 ڈرون طیاروں سے نشانہ بنایا ہے۔ صیہونی حکومت کا دعوی ہے کہ ان ڈرون طیاروں کو روک دیا گیا ہے۔
صیہونی ذرائع ابلاغ کے مطابق، اس بات کا بھرپور امکان ہے کہ لبنان کی استقامتی تنظیم حزب اللہ ڈرون طیاروں کے استعمال میں روز بروز اضافہ کرے کیونکہ ان طیاروں کا پتہ لگا کر انہیں تباہ کرنا انتہائی مشکل ہوتا ہے۔
اس کے علاوہ حزب اللہ نے اعلان کیا ہے کہ لبنان کے جنوبی علاقے الزہرانی پر صیہونی دشمن کے طیاروں کو زمین سے فضا مار کرنے والے میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا جس کے بعد اسرائیلی جیٹ فائٹر فرار ہونے پر مجبور ہوگئے۔
واضح رہے کہ صیہونیوں کے اندازوں کے برخلاف حزب اللہ ڈٹ کر لبنان کی فضائی اور زمینی حدود کی حفاظت کر رہا ہے جس پر جنگ کے امور کے مبصرین شدید تعجب کا اظہار کر رہے ہیں۔