تہران (IRNA) ایران کے وزیر صنعت و تجارت نے کہا ہے کہ تہران اور اسلام آباد نے باہمی تجارت میں حائل رکاوٹیں دور کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

اپنے ایک انٹرویو میں ایران کے وزیر تجارت سید محمد اتابک  کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے متعلقہ ادارے اس فیصلے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے وزیر تجارت دونوں ملکوں کے درمیان فری ٹریڈ لسٹ کو حتمی شکل دینے کے لیے جلد ایران کا دورہ کریں گے۔

ایران کے وزیر تجارت کا کہنا تھا کہ جب دونوں ممالک کے درمیان آزادانہ اور ترجیحی تجارت کا سلسلہ شروع ہوگا تو بعض اشیا کے ٹیرف میں کمی آئے گی لیکن اس کے لیے ہمیں ٹیرف طے کرنا ہوگا۔ 

انہوں نے کہا کہ بہت سی اشیا کے بارے میں ٹیرف پر پہلے ہی اتفاق رائے ہوچکا ہے اور باقی  ماندہ اشیا پر بھی اتقاق رائے ہوجائے گا۔

ایران کے وزیر صنعت و تجارت نے امید ظاہر کی تہران اور اسلام آباد باقی معاملات پر بھی کسی سمجھوتے تک پہنچ جائیں تاکہ طے شدہ معاہدوں کے مثبت نتائج برآمد ہوں۔

واضح رہے کہ ایران کے وزیر صنعت و تجارت نے گزشتہ دنوں اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم  کے اجلاس کے موقع پر اپنے پاکستانی ہم منصب سے ملاقات اور تبادلہ خیال کیا تھا۔