تہران – ارنا – صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے اسلامی جمہوریہ ایران اورترکمنستان کے درمیان ثقافتی  مشترکات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان ٹقافتی، سیاسی اور اقتصادی روابط میں توسیع کی ضرورت پر زور دیا

 ارنا کے مطابق صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے ترکمنستان کے قومی رہنما اوراس ملک کی عوامی مصلحت کونسل کے صدر قربانعلی بردی محمداف سے ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان ثقافتی مشترکات کا ذکر کیا۔

 دورہ ترکمنستان کے موقع پر ہونے والی اس ملاقات میں صدر ایران نے تہران اور عشق آباد کے درمیان ثقافتی تعلقات  کے ساتھ سیاسی اور اقتصادی روابط اور تعاون میں بھی توسیع کی ضرورت پر زور دیا۔

انھوں نے دورہ ترکمنستان پر روانگی سے قبل رہبر انقلاب اسلامی سے اپنی ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے آپ کا سلام ترکمنستان کے لیڈر کی خدمت میں پیش کیا۔

صدر پزشکیان نے کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی تہذیب وثقافت کی بہت گہری شناخت رکھتے ہیں اور تہذیب وتمدن کو زیادہ اہمیت دیتے ہيں۔

 انھوں نے کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی  ترکمنستان کے  مشہور شاعر مختومقلی فراغی کو  اچھی طرح پہچانتے ہیں اور ان  کا نظریہ ہے کہ ایران اور ترکمنستان کے عوام پڑوسی ہونے کے ساتھ ہی ایک دوسرے سے گہرا رشتہ بھی رکھتے ہیں۔

ترکمنستان کے لیڈر اور اس ملک کی عوامی مصلحت کونسل کے صدر قربانقلی بردی محمداف نے بھی اس ملاقات میں مختومقلی فراغی کے تین سوسالہ جشن سالگرہ میں شرکت پر صدر ایران کا شکریہ ادا کیا اور رہبر انقلاب اسلامی تک اپنا پرخلوص سلام اور نیک تمنائیں پہنچانے کی درخواست کی۔

قربانقلی بردی محمداف نے ایران اور ترکمنستان کے مشترکات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنے بردار ملک میں آئے ہیں اور امید ہے کہ ہمارے اور آپ کے درمیان ثقافتی روابط میں زیادہ فروغ آئے گا۔

انھوں نے  صدر ایران سے کہا کہ ہم آج کے سیمینار میں شرکت اور اہم خطاب پر بھی آپ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔