تہران – ارنا – یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نےتازہ فوجی کارروائی میں امریکا کے MQ9 ڈرون کے تباہ ہوجانے کی خبر دی ہے

 تہران – ارنا – یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نےتازہ فوجی کارروائی میں امریکا کے MQ9 ڈرون کے تباہ ہوجانے کی خبر دی ہے

ارنا نے المسیرہ کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ یمن کی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر یحیی سریع نے بتایا ہے کہ ہمارے فوجیوں نے فلسطینی عوام کی حمایت اور اپنے ملک کے خلاف امریکا اور برطانیہ کی جارحیتوں کے جواب میں نصرت الہی سے امریکا کا ایک MQ9 ڈرون مارگرایا۔

 انھوں نے بتایا کہ امریکا کا یہ  ڈرون صوبہ صعدہ میں فضا میں زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل کا نشانہ بنکر تباہ ہوگیا۔

 یحیی سریع نے بتایا کہ یمنی فوج نے یہ زمین سے فضا میں مار کرنے والا یہ میزائل ملک کے اندر تیار کیا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ یہ یمن میں مارگرایا جانے والا امریکا کا گیارھواں ڈرون ہے۔

یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا کہ اتوار کو اسرائیلی دشمن نے امریکا کی حمایت سے صوبہ الحدیدہ کی بندرگاہ اور بجلی گھر سمیت غیر فوجی تنصیبات پر 17 بار حملے کئے تھے۔

 انھوں نے بتایا کہ الحدیدہ میں غیر فوجی مراکز پر صیہونی حملوں میں پانچ عام شہری شہید اور 57 زخمی ہوئے ہیں۔

یحیی سریع نے کہا کہ اسرائیلی جارحیتیں، یمن کے عوام اور مسلح افوج کو لبنان اور فلسطین کے عوام کے تئیں اپنے فرائض پر عمل کرنے سے منصرف نہیں کرسکتیں۔

یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا کہ الحدیدہ پر صیہونی دشمن  کی جارحیت کا مقبوضہ فلسطین میں صیہونی اہداف پر فوجی کارروائیوں میں شدت لاکر جواب دیا جائے گا۔

  یاد رہے کہ میڈیا ذرائع نے پیر کو شمالی یمن میں امریکا کا ایک ڈرون مارگرائے جانے کی خبر دی تھی۔