تہران – ارنا – حزب اللہ لبنان کے نائب سربراہ شیخ نعیم قاسم نے کہا ہے کہ کامیابی ہماری ہے اور ہم  ہم  فاتح ہوں گے

ارنا کے مطابق شیخ نعیم قاسم نے حزب کے شہید سربراہ سید حسن نصراللہ کی شہادت کے بعد اپنے پہلے خطاب میں کہا کہ سید حسن نصراللہ جب تک زندہ رہے، میدان جہاد ومجاہدت میں موجود رہے ۔

 حزب اللہ لبنان کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل نے کہا کہ شہید سید حسن نصراللہ قدس شریف کی حمایت میں حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ اور رہبر انقلاب اسلامی امام خامنہ ای مد ظلہ العالی  کے راستے پر گامزن رہے، وہ مجاہدین کے دوست اور ان سے انسیت رکھتے تھے۔

شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ میں اپنے عزیز رہبر اور حبیب کی شہادت پر حضرت امام زمانہ عج اللہ تعالی فرجہ الشریف، ولی امر اور رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای، مجاہدین، شہید کے اہل کنبہ، لبنان علاقے اور دنیا کے سبھی حریت پسندوں کو تعزیت پیش کرتا ہوں۔

انھوں نے کہا کہ اسرائيلی حکومت نے لبنان کے سبھی علاقوں میں جرائم اورغیر فوجیوں کے  قتل عام کا ارتکاب کیا ہے  اور صحت عامہ کے مراکز پر بھی حملے کئے ہیں۔

شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ صیہونی حکومت مجاہدین سے جنگ نہیں کررہی ہے بلکہ بے گناہ عام شہریوں کا قتل عام کررہی ہے۔

 حزب اللہ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل نے کہا کہ  امریکا صیہونی حکومت کے جرائم میں شریک ہے اور اس غاصب حکومت کی لامحدود سیاسی اور فوجی حمایت کررہا ہے لیکن ہم فرزندان امام حسین علیہ السلام ہیں اور کامیابی رقم کررہے ہیں۔

 انھوں نے کہا کہ ہم مرد عمل، مجاہد اور صابر ہیں اور خداوند عالم کا وعدہ حق ہے۔

شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ ہم  شہید سید حسن نصراللہ کے راستے پر گامزن ہیں، حزب اللہ میدان جہاد میں اپنے اہداف کی طرف آگے بڑھ رہی ہے اور کمان اور کنٹرول اس کے اختیار میں ہے اور سبھی میدان میں موجود ہیں۔

حزب اللہ لبنان کے نائب سربراہ نے کہا کہ سید حسن نصراللہ ہمارے میدان میں موجود ہیں ۔  

انھوں نے کہا کہ دشمن کے دعوے کے برخلاف جنوبی بیروت کے ضاحیہ جنوبی میں 20 کمانڈروں کی میٹنگ نہیں تھی لیکن  کچھ برادران سید حسن نصراللہ کے ساتھ موجود  تھے جو شہید ہوگئے۔

شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ اسرائیل اپنے اہداف حاصل نہیں کرسکے گا اور اس جنگ میں ہمی  فاتح ہوں گے۔

حزب اللہ لبنان کے نائب سربراہ نے کہا کہ افرادی اور فوجی طاقت کے لحاظ سے ہم مستحکم ، مضبوط اور بڑے ہیں اور پوری تیاری کے ساتھ مقابلہ جاری رکھیں گے اور اسرائیل ہماری فوجی طاقت پر وار نہيں لگاسکے گا۔

 انھوں نے کہا  کہ ہم ایک ہی کشتی میں ہیں اور ماضی کی طرح اس بار بھی اسرائيلی جارحیت کے مقابلے میں فاتح ثابت ہوں گے ۔

شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ حزب اللہ کا ڈھانچہ ایسا ہے کہ ایسے نائب سربراہان اور افراد موجود ہیں کہ اگر ایک کو نقصان پہنچے تو دوسرا اس کی جگہ لے لیتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہم اپنے تنظیمی ڈھانچے کی بنیاد پر جلد سے جلد حزب اللہ کے نئے سیکریٹری جنرل کا انتخاب کریں گے۔

شییخ نعیم قاسم نے ایک بار پھر کہا کہ کامیابی ہماری ہے اور 2006 کی طرح اس جنگ میں بھی ہم ہی فاتح ہوں گے۔

حزب اللہ لبنان کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل نے کہا کہ اگر صیہونی دشمن نے زمینی راستے سے  لبنان داخل ہونے کی کوشش تو ہمارے جوان زمینی جنگ میں اس کے مقابلے کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔