ارنا نے المیادین کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ حماس نے اپنے بیان میں بیروت کے جنوبی علاقے پر غاصب صیہونی حکومت کے آج کے حملے کی مذمت کی ہے۔
تحریک حماس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بیروت کے ضاحیہ جنوبی پر صیہونی حکومت کا فضائی حملہ اس کا نیا جرم ہے جو اس کے سلسلے وار جرائم کا حصہ ہے اور لبنان کے اقتدار اعلی کی کھلی خلاف ورزی شمار ہوتا ہے۔
حماس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ صیہونی حکومت کے اقدامات مجرمانہ ہیں اور عالمی برادری کو ان جرائم کو رکوانا اور ان کے مرتکبین کو سزادینے کے لئے فوری طور پر ضروری اقدامات انجام دینا چاہئے۔
حماس نے اس بیان ميں کہا ہے کہ ہم لبنان کی استقامتی تحریک حزب اللہ کے اپنے بھائیوں سے مکمل یک جہتی کا اعلان اوران کے دلیرانہ موقف کی قدردانی کرتے ہیں۔
حماس نے کہا ہے کہ ہم دینی، انسانی اور ملی اقدار پر حزب اللہ کے بھائیوں کے اصرار اور غزہ کے عوام کی حمایت جاری رکھنے پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
حماس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ فسطائی دشمن اپنے اہداف تک کبھی نہیں پہنچ سکتا اور اس خطے ميں صیہونی پروجکٹوں کی مکمل نابودی تک تحریک استقامت جاری رہے گی۔
یاد رہے کہ آج جمعے کو بیروت کے ضاحیہ جنوبی پر صیہونی حکومت کے فضائی حملے میں 12 افراد کے شہید 66 کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔ شہید ہونے والوں میں اکثریت بچوں کی بتائی گئی ہے۔
صیہونی حکومت کے فضائی حملے میں منہدم ہونے والی عمارتوں کے ملنے کے نیچے ممکنہ طور پر دبے ہوئے لوگوں کی تلاش ابھی جاری ہے بنابرین شہید اور زخمی ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ غاصب صیہونی حکومت نے لبنان ميں منگل اور بدھ کو وسیع پیمانے پر پیجر اور دیگر مواصلاتی آلات کے ذریعے دہشت گردانہ کارروائیاں انجام دی تھیں جن میں 37 افراد شہید اور 4 ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
دنیا کے بہت سے ملکوں اور بین الاقوامی اداروں نے صیہونی حکومت کی ان کارروائیوں کی مذمت کی ہے ۔
اسی کے ساتھ حزب اللہ کے سربراہ نے اپنے جمعرات کے خطاب میں کہا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت نے ساری ریڈ لائنیں عبورکرلی ہیں جس کی اس کو سخت سزا ملے گی۔