ارنا کے مطابق پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے بدھ کو اسلام آباد میں ایران کے سفیر سے ملاقات کی ۔
اس موقع پر پاکستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے فوجی اتاشی کرنل محمد محسن شہابی، پریس اتاشی ہادی گلریز اور پاکستان کی وزارت دفاع کے بعض سینیئر عہدیدار بھی موجود تھے۔
اس ملاقات میں ایران اور پاکستان کے دوجانبہ روابط کی تازہ صورتحال بالخصوص دفاعی، فوجی نیز فوجیوں کی ٹریننگ اور دفاعی مصنوعات کی تیاری میں باہمی تعاون کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے اس ملاقات میں فوجی اور سیکورٹی کے شعبوں میں ایران پاکستان تعاون کی موجودہ سطح کو اطمینان بخش قرار دیا اور دہشت گردی کے مقابلے ميں باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
انھوں نے کہا کہ تہران اور اسلام آباد کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کا سلسلہ جاری ہے اور سبھی مسائل باہمی مشاورت اور بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت ہے۔
اس ملاقات میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے بھی دونوں ملکوں کے دیرینہ روابط جاری رہنے پر اطمینان کا اظہار کیا اور علاقے میں امن واستحکام کے لئے مشترکہ مساعی پر زور دیا۔
انھوں نے کہا کہ تہران اسلام آباد کے ساتھ سبھی شعبوں میں ہمہ گیر تعاون بڑھانے کے لئے تیار ہے۔
پاکستان کی وزارت دفاع کے شعبہ رابطہ عامہ نے بھی ایک بیان جاری کرکے کہا ہے کہ وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایران اور پاکستان کے مشترکہ سرحدی کمیشن کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
پاکستانی وزارت دفاع کے شعبہ رابطہ عامہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے سرحدوں کو کنٹرول کرنے کے لئے سبھی ضروری اقدامات انجام دیئے ہیں اور اس سلسلے میں مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔
اس بیان میں کہا گیا ہے کہ موجودہ تعاون کی سطح پر دونوں فریقوں نے اطمینان ظاہر کیا ہے اور باہمی دلچسپی کے سبھی شعبوں میں روابط اور تعاون بڑھانے میں دلچسپی کا اعلان کیا ہے۔