تہران – ارنا – اسلامی جہموریہ ایران کی وزارت خارجہ  کے ترجمان ناصر کنعانی نے یوکرین جنگ میں مداخلت کے بے بنیاد بہانے سے اسلامی جمہوریہ کے ساتھ دوطرفہ فضائی سروسز سے متعلق معاہدوں کو منسوخ نیز ایران پر پابندی لگانے کے بارے میں برطانیہ، فرانس اور جرمنی کے بیان کی سخت مذمت کی ہے۔

ارنا کے مطابق ناصر کنعانی نے منگل 10 ستمبر کی شام کہا ہے کہ تینوں یورپی  ملکوں کا یہ اقدام ایرانی عوام کے خلاف مغرب کی معاندانہ پالیسیوں نیز اقتصادی دہشت گردی کا تسلسل ہے ۔

ترجمان وزارت خارجہ نے اسی کے ساتھ اعلان کیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران برطانیہ،فرانس اورجرمنی کے تازہ معاندانہ اقدام کا مناسب جواب دے گا۔

 انھوں نے یوکرین تنازعے کے حوالے سے ایک بار پھر اسلامی جمہوریہ ایران کے شفاف موقف پر زور دیا اور کہا کہ ہم ایران کی جانب سے روس کو بیلسٹک میزائل دیئے  جانے کے بے بنیاد دعووں کی پہلے بھی تردید کرچکے ہیں اور ایک بار پھر کہتے ہیں کہ  یہ دعوے بے بنیاد اوربالکل جھوٹے ہیں۔

ناصر کنعانی نے کہا کہ امریکا اور مذکورہ تینوں یورپی ممالک،یعنی برطانیہ، فرانس اور جرمنی غاصب صیہونی حکومت کو اسلحے فراہم کرنے والے اصلی ممالک اور غزہ میں مظلوم فلسطینی عوام کے وسیع قتل عام اور ان کی نسل کشی میں برابر کے شریک ہیں اورانہیں اپنی غلط پالیسیوں کا جواب دینا ہوگا۔