اجراء کی تاریخ: 5 ستمبر 2024 - 21:18

 تہران – ارنا – غزہ میں فلسطین کے محکمہ صحت نے بتایا ہے کہ شہدائے غزہ کی تعداد بڑھ کر 40 ہزار 878 ہوگئی ہے

ارنا کے مطابق غزہ میں فلسطین کے  محکمہ صحت نے جمعرات کی شام بتایا ہے کہ غاصب صیہونی فوج نے گزشتہ چوبیس گھنٹے میں غزہ پر دو بار وحشیانہ حملے کئے ۔

 فلسطین کے محکمہ صحت کے مطابق ان حملوں میں 17 فلسطینی شہید اور 56 زخمی ہوئے۔

 غزہ پر غاصب صیہونی فوج کے نئے حملوں میں سترہ عام شہریوں کے  شہید اور 56 کے زخمی ہونے  کے بعد اکتوبر 2023 سے اب تک شہید ہونے والوں کی تعداد 40 ہزار 878 اور زخمیوں کی تعداد 94 ہزار 454 ہوگئی ۔

 یاد رہے کہ غاصب صیہونی حکومت نے استقامتی فلسطینی محاذ کے سات اکتوبر 2023 کے آپریشن طوفان الاقصی میں اپنی ناقابل تلافی شکست کا بدلہ فلسطینی عوام سے لینے کے لئے غزہ پر چوطرفہ وحشیانہ حملے شروع کئے ۔

 گیارہ ماہ سے جاری ان حملوں میں صیہونی فوجیوں نے ہر طرح کے جنگی اور انسانیت کے خلاف جرائم کا ارتکاب کیا، فلسطینی عوام کی وحشیانہ ترین نسل کشی کی، غزہ  کے سبھی بنیادی شہری تنصیبات تباہ کردیں اور ڈیڑھ لاکھ بے گناہ فلسطینی عوام کو شہید اور زخمی کیا جن میں ستر فیصد سے زائد عورتیں بچے اور سن رسیدہ افراد ہیں اور مغربی میڈیا کے مطابق غزہ کو قبرستان میں تبدیل کردیا لیکن اب تک اپنا ایک بھی مقصد حاصل نہ کرسکی۔ نہ استقامتی فلسطینی تحریک حماس کو ختم کرسکی اور نہ ہی اپنے جنگی قیدیوں  کو آزاد کراسکی۔