ارنا نے الجزیرہ کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ اسرائیلی حکومت کے چینل 12 نے اعلان کیا ہے کہ حزب اللہ کے ڈرون طیاروں نے بہت سے صیہونیوں کو ہلاک اور زخمی کیا اور اسرائیل کی بنیادی تنصیبات کو کافی نقصان پہنچایا ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق روزآنہ حزب اللہ کے کئی ڈرون مقبوضہ فلسطین میں داخل ہوتے ہیں لیکن اسرائیلی ڈیفنس سسٹم انہیں نشانہ نہیں بنا پاتا کیونکہ ان کے اندر ایسی ٹیکنالوجی سے کام لیا گیا ہے کہ اسرائيلی حکومت کے ایئر ڈیفنس کے لئے ان کا پتہ لگانا، پیچھا کرنا اورانہیں مارگرانا ممکن نہیں ہے۔
یہ رپورٹ ایسے وقت میں شائع ہوئی ہے کہ حزب اللہ لبنان نے شمالی مقبوضہ فلسطین میں صیہونی حکومت کے فوجی اور اسٹریٹیجک مراکز کو درجنوں میزائلوں اور ڈرون طیاروں سے نشانہ بنایا ہے۔
صیہونی حکومت کے ٹی وی چینل 12 نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ اسرائیلی حکومت کے ایئر ڈیفنس سسٹم نے لبنان سے مغربی الجلیل پر فائر کئے جانے والے کچھ میزائلوں کا پتہ لگاکر انہیں مارگرایا ہے ۔
ارنا کے مطابق شمالی مقبوضہ فلسطین کے آٹھ اہم علاقوں میں یہاں کے ساکنین کو میزائی حملوں کی اطلاع دینے کے لئے مستقل طور پر خطرے کے سائرن بجتے رہتے ہیں۔
دوسری طرف الجزیرہ کے نامہ نگار نے رپورٹ دی ہے کہ غرب اردن کے علاقے بیت لحم کے جنوب میں واقع غوش عتصیون صیہونی کالونی میں ایک تجارتی کمپلیکس کے نزدیک مہیب دھماکے کی آواز سنی گئی ہے۔
اسی کے ساتھ صیہونی میڈیا نے ایک صیہونی کالونی کے فیول اسٹیشن پر ایک کار بم کے دھماکے کی خبر دی ہے۔
ادھر شمالی الخلیل میں بھی دھماکوں اور فائرنگ کی خبر ہے۔
عبرانی میڈیا نے بھی رپورٹ دی ہے کہ الخلیل کے شمال میں واقع کرمی تسور کالونی میں مسلح فلسطینی مجاہدین کے داخل ہوجانے کے خوف سے خطرے کا سائرن بجادیا گیا ہے۔
اسی کے سا تھ حزب اللہ لبنان نے بھی مقبوضہ فلسطین میں صیہونی حکومت کی یعرا فوجی چھاؤنی پر میزائلوں سے حملے کی خبر دی ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق اس میزائلی حملے میں یعرا صیہونی فوجی چھاؤنی میں ویسٹرن بریگیڈ کا کمانڈ ہیڈکوارٹر اور اس فوجی چھاؤنی کے اطراف میں صیہونی فوجیوں کے مراکز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
ایسا لگتا ہے کہ حزب اللہ نے یہ وسیع میزائلی حملہ، چند گھنٹے قبل ہونے والے جنوبی لبنان پر اسرائیلی حملے کے جواب میں کیا ہے۔