ارنا نے سبانیٹ کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ یمن کے دارالحکومت صنعا میں آج جمعے کو عوام نے ایک بار پھر غزہ کے عوام کی حمایت میں عظیم الشان ریلیی نکالی ۔
اس رپورٹ کے مطابق نماز جمعہ کے بعد عوام نے صنعا کے سبعین اسکوائر پر اجتماع کیا اور مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ یک جہتی کا اعلان کیا۔
یمنی مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں اپنے قومی پرچم کے ساتھ فلسطین کے پرچم بھی اٹھا رکھے تھے ۔
یمنی مظاہرین نے بعض عرب اور مسلمان ملکوں کی جانب سے مظلوم فلسطینی عوام کی نسل کشی میں بچوں کی قاتل غاصب صیہونی حکومت کا ساتھ دیئے جانے کی سخت مذمت کی ۔
رپورٹوں کے مطابق الحدیدہ میں غاصب صیہونی حکومت کے خلاف اور مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت میں نکالی جانی والی ہفتے وار ریلی میں یمنی پارلیمنٹ اور سیاسی کونسل کے اراکین نے نیز اعلی صوبائی عہدیداروں اور فوجی کمانڈروں نے بھی شرکت کی جو ریلی میں آگے چل رہے تھے۔
الحدیدہ میں ہفتے وار ریلی کے شرکا نے غاصب صیہونی حکومت کی مکمل شکست تک مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت جاری رکھنے پر زور دیا۔
اسی طرح کے مظاہرے یمن کے صوبہ صعدہ میں بھی کئے گئے ۔
رپورٹوں کے مطابق صعدہ کے 26 اہم چوراہوں سے نکالی جانے والی ریلیاں، "مولد نبوی" نامی اسکوائر پر پہنچ کر ایک عظیم الشان اجتماع میں تبدیل ہوگئيں۔اس اجتماع میں یمنی عوام کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی اور مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ یک جہتی اور غاصب صیہونی حکومت نیز اس کے حامیوں سے نفرت کا اعلان کیا۔
اسی طرح کی ریلیاں یمن کے تقریبا سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں نکالی گئیں جن میں عوام نے غاصب صیہونی حکومت اور اس کے مغربی اور غیر مغربی حامیوں کے خلاف نعرے لگائے اور امریکا کو صیہونی حکومت کے جرائم میں برابر کا شریک قرار دیا۔
یمنی عوام نے اپنے مظاہروں میں غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا اور ایک لاکھ چالیس ہزار سے زائد عام فلسطینی شہریوں کے قتل عام پر بین الاقوامی برادری کی خاموشی اور بعض عرب ملکوں کی جانب سے صیہونی حکومت کا ساتھ دیئے جانے کی مذمت کی۔
یمنی مظاہرین نے پوری اسلامی اور انسانی دنیا سے اسرائیلی مصنوعات کے مکمل بائیکاٹ کا مطالبہ کیا۔
یمنی مظاہرین نے اسی کے ساتھ اپنے ملک کی مسلح افواج سے مطالبہ کیا کہ جب تک غزہ پر اسرائیلی حملہ اور اس کا محاصرہ جاری ہے، اپنی صیہونیت مخالف کارروائیاں جاری رکھیں ۔
یمنی مظاہرین نے اسلام اور مسلمین کے دشمنوں کے خلاف فتح موعود کی جنگ اور جہاد مقدس میں حصہ لینے کے لئے اپنی آمادگی کا اعلان بھی کیا۔